خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 269 of 498

خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد دوم) — Page 269

خلافة على منهاج النبوة ۲۶۹ جلد دوم قادیان سے پاکستانی احمدیوں کے نام ایک دردانگیز پیغام ۲۲ / اگست ۱۹۴۷ء کو جب کہ ہندو پاکستان میں فتنہ وفساد کے شعلے بلند ہو رہے تھے ، حضرت خلیفۃ المسیح الثانی نے احمدیت کے بنیادی مرکز قادیان سے پاکستانی احمدیوں کے نام ایک دردانگیز پیغام تحریر فرمایا جس کا آخری حصہ درج ذیل ہے۔میں جماعت کو محبت بھرا پیغام بھجواتا ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے ساتھ ہو۔اگر ابھی میرے ساتھ مل کر کام کرنے کا وقت ہو تو آپ کو وفاداری اور دیانتداری سے کام کرنے کی توفیق ملے اور اگر ہمارے تعاون کا وقت ختم ہو چکا ہے تو اللہ تعالیٰ آپ کا حافظ و ناصر ہو اور آپ کے قدموں کو ڈگمگانے سے محفوظ رکھے۔سلسلہ کا جھنڈا نیچا نہ ہو۔اسلام کی آواز پست نہ ہو۔خدا تعالیٰ کا نام ماند نہ پڑے۔قرآن سیکھو اور حدیث سیکھو اور دوسروں کو سکھاؤ اور خود عمل کرو اور دوسروں سے عمل کراؤ۔زندگیاں وقف کرنے والے ہمیشہ تم میں سے ہوتے رہیں اور ہر ایک اپنی جائیداد کے وقف کا عہد کر نے والا ہو۔خلافت زندہ رہے اور اس کے گرد جان دینے کے لیے مومن آمادہ کھڑا ہو۔صداقت تمہارا زیور ، امانت تمہا را حسن ، تقویٰ تمہارا لباس ہو۔خدا تعالیٰ تمہارا ہو اور تم اس کے ہو۔آمین میرا یہ پیغام باہر کی جماعتوں کو بھی پہنچا دو اور انہیں اطلاع دو کہ تمہاری محبت میرے دل میں ہندوستان کے احمدیوں سے کم نہیں۔تم میری آنکھ کا تارا ہو۔میں یقین رکھتا ہوں کہ جلد سے جلد اپنے ملکوں میں احمدیت کا جھنڈا گاڑ کر آپ لوگ دوسرے ملکوں کی طرف توجہ دیں گے اور ہمیشہ خلیفہ وقت کے جو ایک وقت میں ایک ہی ہوسکتا ہے ، فرمانبردار رہیں گے اور اس کے حکموں کے مطابق اسلام کی خدمت کریں گے۔والسلام خاکسار مرزا محمود احمد ( خلیفة المسیح) (رساله خالد ستمبر ۱۹۵۶ء)