خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد اول)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 426 of 496

خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد اول) — Page 426

خلافة على منهاج النبوة ۴۲۶ جلد اول لارڈ ہیڈلے کے مسلمان ہونے کا اعلان ان ہی ایام میں خواجہ صاحب کو ایک پرانے مسلمان لارڈ ہیڈلے مل گئے۔وہ قریباً چالیس سال سے مسلمان تھے مگر بوجہ مسلمانوں کی مجلس نہ ملنے کے اظہار اسلام کے طریق سے ناواقف تھے۔خواجہ صاحب کے ملنے پر انہوں نے اسلام کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ چالیس سال سے مسلمان ہیں۔خواجہ صاحب نے فوراً تمام دنیا میں شور مچا دیا کہ ان کی کوششوں سے ایک لارڈ مسلمان ہو گیا ہے۔اس خبر کا شائع ہونا تھا کہ خواجہ صاحب ایک بت بن گئے اور چاروں طرف سے ان کی خدمات کا اعتراف ہونے لگا۔مگر وہ لوگ جن کو معلوم تھا کہ لارڈ ہیڈلے چالیس سال سے مسلمان ہے اس خبر پر نہایت حیران تھے کہ خواجہ صاحب صداقت کو اس حد تک کیوں چھوڑ بیٹھے ہیں ؟ مگر خواجہ صاحب کے مد نظر صرف اپنے مشن کی کامیابی تھی۔جائز یا نا جائز ذرائع سے وہ اپنے مشن کو کامیاب بنانے کی فکر میں تھے۔میرے نزدیک لارڈ ہیڈلے کے اسلام کا اظہار ان احمد یوں میں سے بیسیوں کی ٹھوکر کا موجب ہوا ہے جو اس وقت اِن لوگوں کے ساتھ ہیں۔کیونکہ بعض لوگ ان کی ان خیالی کا میابیوں کو دیکھ کر یہ یقین کرنے لگے تھے کہ یہ الہی تائید بتا رہی ہے کہ خواجہ صاحب حق پر ہیں۔حالانکہ یہ تائید الہی نہ تھی بلکہ خواجہ صاحب کی اخلاقی موت تھی اور جب تک سلسلہ احمدیہ باقی رہے گا اور انشاء الله قیامت تک باقی رہے گا خواجہ صاحب کی یہ خلاف بیانی اور چالا کی بھی دنیا کو یا د رہے گی اور وہ اسے دیکھ دیکھ کر انگشت بدندان ہوتے رہیں گے۔لارڈ ہیڈلے صاحب خود اپنے اسلام لانے کی نسبت لکھتے ہیں۔”میرے موجودہ اعتقادات میری کئی سالوں کی تحقیقات اور تفتیش کا نتیجہ ہیں۔تعلیم یافتہ مسلمانوں کے ساتھ مذہب کے بارے میں میری اصلی خط و کتابت چند ہفتے قبل شروع ہوئی اور یہ بات میری دلی خوشی اور مسرت کا باعث ہوئی کہ میرے تمام خیالات اسلام کے عین مطابق نکلے۔میرے دوست خواجہ کمال الدین صاحب نے ذرہ بھر کوشش مجھے اپنے زیر اثر لانے کے لئے نہیں کی۔(پرچہ پیغام ۱۶؍ دسمبر ۱۹۱۳ء نمبر ۶۷ صفحه ۳)