خطابات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 459 of 660

خطابات نور — Page 459

کہ ہتھیار تو صرف ہمارا لباس ہے ہم ننگے کس طرح پر آسکتے ہیں۔آپ یہ اندیشہ کیوں کرتے ہیں جنگ میں سو آدمی اتنی بڑی فوج کے سامنے کیا حقیقت رکھتے ہیں۔یہ بات ان کی سمجھ میں بھی آگئی اور انہوں نے ان کو بلا لیا۔اندر جاکر انہوں نے اتنی پھرتی کی کہ ہامان بیچ میں گھِر گیا۔خالد آگے بڑھے تو ہامان نے کہا کہ میں نے تو صرف تم کو بلایا تھا اتنے آدمیوں کو کیوں تکلیف دی۔خالد نے کہا کہ مشورہ کے لئے لایا ہوں اگر ضرورت پڑے تو یہاں ہی مشورہ ہو جاوے۔اس وحدت نے یہ فائدہ دیا کہ وہ خوشامد کی باتیں کرنے لگا کیونکہ وہ جانتا تھا کہ اگر ذرا بھی رنگ بدلا تو خیر نہیں۔غرض اس نے جب بہت محبت اور خوشامد کا اظہار کیا تو خالد نے کہا کہ ہمارا کمانڈر انچیف کیا سمجھے گا کہ آپ نے محبت سے ہم کو بلایا ہے اس کے لئے کوئی نشان چاہئے۔مرنے جینے کو تو ہم کچھ سمجھتے ہی نہیں۔اس نے کہا کہ میں آپ کو کیا نشان دوں۔خالد نے کہا مال ودولت کی ہمیں ضرورت نہیں۔ہمیں تم ضرار کو دے دو اور اس کے ساتھ ہی کہا کہ اب وہ یہاں آجانا چاہئے کیونکہ وہ میری جوڑی کا سپاہی ہے میں پسند نہیں کرتا کہ تنہا جائوں۔آخر اس نے سوچ لیا کہ یہ سو آدمی ہے اور مرنے مارنے پر تیار ہے یا تو میں یہاں ہی مرتا ہوں اور یا یہ ضرار کو لئے بغیر نہ جائے گا اس لئے ضرار کو بلایا مگر ضرار نے کہا کہ میں نہیں جاناچاہتا۔جب اس سے پوچھا گیا کہ آپ کو کیا تامل ہے۔اس نے کہا کہ میں یہاں سے نہیں جائوں گا جب تک وہ چار سپاہی جو میرے ساتھ قید ہیں میرے ساتھ نہ ہوں۔آخر ان کو بھی بلایا گیا اور ان سب کو خالد کے ساتھ روانہ کر دیا گیا اور وہ بڑی خوشی سے مکان پر آگئے۔یہ بات تھی کہ ان میں ایک دوسرے کی ہمدردی عاقبت اندیشی ہر معاملہ میں گہری نگاہ کرنا موجود تھی۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس قسم کے جنگوں میں تمدن اور معاشرت میں نمونہ دکھا دیا تھا اور وہ اس امتحان اور مدرسہ میں پاس ہو چکے تھے وہی لوگ تھے جنہوں نے خشنپوش ہو کر ایک ایک اونٹ یا بکری کے مالک ہو کر جب باہر نکلے تو انہوں نے تمدن و معاشرت کے اصول وضع کئے اور سلطنت قائم کی اور بڑے بڑے فتوحات کئے۔اس قسم کے عجائبات ان کے سیاسی امور میں ہیں کہ اگر ان کی صرف غیر قوموں کی تقریروں ہی کو کوئی الگ کر کے پڑھے تو ساری دنیا کی سیاسی عقل آسکتی ہے۔ان تقریروں میں بڑی بڑی قوموں کے سیاسی امورات اور عاقبت اندیشیوں کے اشارات ہیں۔