خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 863 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 863

خطابات مریم 863 پیغامات قرآن مجید پر عمل کرنا پوری طرح اُسی وقت ممکن ہے جب آپ کو قرآن مجید کا ترجمہ آتا ہو آپ کو معلوم ہو قرآن مجید میں کیا احکام دئے گئے ہیں کن باتوں سے روکا گیا ہے ترقی کے کیا ذرائع بتائے گئے ہیں۔ان قوموں کو جن پر عذاب آیا ان کی وجوہات بیان کی گئی ہیں تا آئندہ لوگ ان باتوں سے بچیں اور ہلاکت سے محفوظ رہیں۔معاشرتی زندگی کے بھی سب اصول قرآن مجید میں بیان کئے گئے ہیں جن کی تفصیل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات زندگی کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے۔پس قرآن کریم پر عمل کرنے کے لئے میری بہنو بہت ضروری ہے کہ آپ کو قرآن کا علم ہو آپ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات زندگی اور آپ کے ان تمام احسانات کا جو آپ نے بنی نوع انسان پر کئے پورا علم ہو اس کے بغیر عمل ممکن ہی نہیں۔پس آپ کو آئندہ اپنے پروگرام تجویز کرتے ہوئے اس امر پر قرآن مجید کا علم زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات زندگی اور احسانات سے روشناس کرانے کے لئے کیا کیا طریقہ اختیار کیا جائے۔حضرت خلیفۃ امسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیر نے بھی اپنے ایک خطبہ میں اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ نئی صدی میں داخل ہونے سے پہلے کثرت سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر جلسے کئے جائیں تا دنیا کو علم ہو کہ آپ کے بنی نوع انسان پر کتنے احسانات ہیں۔آپ کی لجنہ ابھی ابتدائی دور سے گزر رہی ہے۔انشاء اللہ خدائی وعدوں کے مطابق کثرت سے لوگ احمدیت میں داخل ہو نگے۔ان کو دین سکھانے کے لئے آپ کی اس نسل کو دین کا پورا علم ہونا چاہئے اور اپنے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کی دینی تعلیم اور تربیت کی طرف بھی پوری توجہ دیں کہ وہ وہاں کے لادینی ماحول میں بگڑنے نہ پائیں کیونکہ آئندہ ان پر ذمہ داریاں پڑنے والی ہیں۔جب آپ نے حضرت مسیح موعود کو مانا ہے اور آپ کے خلفاء کی بیعت کی ہے تو صرف زبان سے اقرار بیعت کافی نہیں آپ کا عمل آپ کے ایمان پر گواہی دے۔آپ کا عمل اس عہد بیعت کی گواہی دے جو احمدی ہوتے وقت آپ نے کیا ہے۔آپ کے ذریعہ ایک صاف ستھرا معاشرہ وہاں قائم ہونا چاہئے ایسا پاک صاف پیارا معاشرہ جو دوسروں کی توجہ کو کھینچنے والا ہو۔