خطابات مریم (جلد دوم)

by Other Authors

Page 764 of 988

خطابات مریم (جلد دوم) — Page 764

خطابات مریم 764 پیغامات پس ضروری ہے کہ آپ کے قول اور فعل میں کوئی تضاد نہ ہو۔اس ملک میں آپ احمدیت کے نمائندہ کے طور پر ہیں۔اس لئے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اس بات کو مدنظر رکھیں کہ کوئی جماعت کا میاب نہیں ہو سکتی اگر اس جماعت کے افراد میں آپس میں جھگڑے ہوں صلح نہ ہو۔پس آپس میں صلح رکھیں اور ایک دوسرے کے قصوروں کو معاف کرنے کی عادت ڈالیں۔ایک دوسری سے تعاون کریں۔اتحاد میں بہت بڑی طاقت ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔" تم آپس میں جلد صلح کرو اور اپنے بھائیوں کے گناہ بخشو کیونکہ شریر ہے وہ انسان کہ جو اپنے بھائی کے ساتھ صلح پر راضی نہیں وہ کاٹا جائے گا کیونکہ وہ تفرقہ ڈالتا ہے تم اپنی نفسانیت ہر ایک پہلو سے چھوڑ دو اور با ہمی ناراضگی جانے دو اور بچے ہو کر جھوٹے کی طرح تذلل کرو تا تم بخشے جاؤ“۔(روحانی خزائن جلد 19 کشتی نوح صفحہ 12) قرآن مجید کی تعلیم پر عمل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قرآن کو غور سے پڑھا جائے اس کے مطلب کو سمجھا جائے اور پھر اس پر عمل کیا جائے۔جو قرآن پڑھے گا ہی نہیں اور اسے ترجمہ نہیں آتا ہوگا وہ عمل کیسے کرے گا پس قرآن کو عزت دو تا آسمان پر عزت پاؤ۔میرے دل میں آپ کی گہری محبت ہے اور میں آپ سب کے لئے دعا کرتی ہوں آپ بھی میرے لئے دعا کریں اللہ تعالیٰ مجھے بھی اپنی ذمہ داریوں کو صحیح طور پر ادا کرنے کی توفیق دے اور میرا رب مجھ سے راضی ہو جائے۔اس کنوینشن میں شامل ہونے والی سب بہنوں اور بچیوں کو میرا سلام اور پیار پہنچے اور جو کسی مجبوری کے باعث شامل نہیں ہوتیں اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کی مجبوریاں دُور کرتے ہوئے انہیں بھی جماعت کے کاموں میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔دعائیں کریں اور دعائیں کریں تا اللہ تعالیٰ یہ ابتلا جلد دور کرے اور ہم اللہ تعالیٰ کے وعدوں کو پورا ہوتے اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔آمین اللھم آمین۔والسلام خاکسار مریم صدیقہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ