خطابات مریم (جلد دوم) — Page 588
خطابات مریم 588 خطابات ایف اے کی کلاس جاری کر دی گئی جس میں ایف اے تک آپ نے تعلیم حاصل کی۔مدرستہ الخواتین میں دوران تعلیم آپ انعام بھی حاصل کرتی رہیں۔خاص طور پر عربی اور جغرافیہ میں۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کی تحریر بہت اچھی ہے۔مضمون لکھتی رہی ہیں سب سے پہلا مضمون 1929ء کے الفضل کے ایک خاص نمبر میں آپ کا نظر آتا ہے پھر 1931 ء اور 1933 ء کے اخباروں میں بھی۔لجنہ اماء اللہ کی نمائش میں جو جلسہ سالانہ پر لگائی جاتی تھی 1929ء میں آپ نے سلور میڈل حاصل کیا۔ابتدائی کام جہاں سے آپ کا پبلک سے واسطہ اور جماعت کی خدمت کا پتہ لگتا ہے وہ قادیان میں جلسہ سالانہ کے موقع پر ٹھہری ہوئی عورتوں کی مہمان نوازی کی خدمت ہے۔مصباح اور الفضل سے جو ریکارڈ تاریخ کیلئے لیا گیا اس سے معلوم ہوتا ہے کہ 1933 ء میں آپ قادیان کی منتظمہ تھیں اور شادی تک رہیں۔لیکن میرا اندازہ ہے کہ اس سے پہلے آپ انتظام کرتی رہی ہیں مجھے اپنی یادداشت میں اس کی جھلک نظر آتی ہے کہ آپ کام کرتی ہی رہی ہیں۔آپ نے بتایا کہ آپ نے دس سال کی عمر سے یہ کام شروع کیا تھا۔آپ کی شادی 26 /اگست 1934 ء کو ہوئی۔لجنہ کی عہدہ دار کے طور پر شادی کے بعد آپ سرگرم نظر آتی ہیں۔1935 ء میں آپ نے منتظمہ نمائش قادیان کے عہدہ پر کام کیا ہے۔1936ء میں آپ محلہ دارالفضل جہاں آپ شادی کے بعد رہتی تھیں کی صدر منتخب ہوئیں۔1942ء میں پھر آپ کو نمائش کا کام دیا گیا معلوم ہوتا ہے شروع سے ہی آپ کو اس کام سے دلچسپی تھی جس کا اظہار ہجرت کے بعد نمائش کے کام کو ترقی دینے سے ظاہر ہوتا ہے۔1945ء میں نصرت گرلز ہائی سکول قادیان کی اصلاح کے کام کے لئے لجنہ نے ایک بورڈ بنایا جس کی آپ بھی ممبر تھیں۔1947ء میں قادیان چھوڑ کر پاکستان آئے۔آپ کا قیام کچھ عرصہ ماڈل ٹاؤن رہا اور کچھ عرصہ آپ کراچی بھی رہیں۔ماڈل ٹاؤن میں لجنہ ماڈل ٹاؤن کے کام کو بہتر بنانے کی کوشش کے علاوہ آپ نے وہاں رمضان میں قرآن مجید کا درس بھی دیا اسی طرح کراچی میں بھی سب سے پہلا درس رمضان المبارک میں آپ نے دیا۔