خطابات مریم (جلد دوم) — Page 467
خطابات مریم 467 خطابات - کیونکہ اس کے بغیر آپ کو اوامر و نواہی کا علم حاصل نہیں ہوسکتا۔گناہ زہر ہوتا ہے بہت سے چھوٹے چھوٹے گناہ ایسے ہیں جنہیں اختیار کر کے آپ یہ زہر کھا رہی ہوتی ہیں۔اس لئے اُن کا علم حاصل کرنے کیلئے قرآن کریم کا گہرا مطالعہ بہت ضروری ہے۔قرآن تمام لوگوں اور تمام زمانوں کیلئے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کو سب تک پہنچانا ہمارا فرض ہے۔پھر آپ نے نماز کی پابندی اور سچائی اختیار کرنے کی طرف توجہ دلائی اور فرمایا کہ مجھ تک بہت سے ایسے گھریلو جھگڑے پہنچتے ہیں جس میں فریقین قول سدید سے کام نہیں لے رہے ہوتے اور نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ خاندان اور معاشرے میں ایسا اختلاف پیدا ہو جاتا ہے کہ پھر اس پر بند باندھنا ہی مشکل ہو جاتا ہے۔حضرت سیدہ صدر صاحبہ نے فرمایا کہ حسد کو چھوڑ دیں۔حضرت بانی سلسلہ احمدیہ نے اس سے منع فرمایا ہے۔رشک تو ضرور کریں لیکن حسد پیدا نہ کریں کیونکہ حسد کی وجہ سے بہت سی بد اخلاقیاں رونما ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔بے مہری اختیار نہ کریں حسد اور بے صبری کے ساتھ ہم کبھی متحد نہیں ہوسکتیں اور دل صاف کئے بغیر رنجشیں ختم نہیں ہوسکتیں۔ہمیں کنگھی کے دندانوں اور موتیوں کی لڑی کی طرح ہونا چاہئے اور بنیان مرصوص بننا چاہئے۔حضرت سیدہ صدر صاحبہ نے دوا ہم ارشادات جن کو ہمیں اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے ان کی طرف توجہ دلائی۔پہلا حکم تو شرک کے خاتمہ اور توحید باری کے قیام کا ہے اور دوسرا بنی نوع انسان سے سچی ہمدردی پیدا کرنے کا۔فرمایا کہ ہر ایک کی تکلیف کا احساس اپنے اندر پیدا کریں اور ان تمام نقائص اور کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کریں جو آپ کی لجنہ میں پیدا ہو چکی ہیں۔آپس میں متحد ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے قدم آگے بڑھانے کی کوشش کریں تا دین کو غلبہ حاصل ہو۔نئی نسل کو آئندہ ذمہ داریوں کیلئے تیار کریں۔یہ سرزمین ایسی ہے جس نے مسیحا کے قدم چومے تھے اس لئے آپ کا معیار بہت بہتر ہونا چاہئے ایک دوسرے کو معاف کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔(ماہنامہ مصباح جنوری 1987ء)