خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 768
768 الله قرآن میں کہیں بھی صرف ایمان کا ذکر نہیں۔ایمان کے ساتھ اعمال صالحہ کا بھی ذکر ہے ایمان کا بیج بڑھتا نہیں جب تک اعمال صالحہ کا پانی ساتھ نہ ہو پس پیاری بچیو قرآن مجید کے پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنے عمل بھی قرآن کے مطابق بناؤ۔آپ نے اس کالج میں دینیات کو محض مضمون کے طور پر نہیں پڑھنا۔بلکہ آپ میں سے ہر ایک طالبہ کا فرض ہے کہ وہ اپنی زندگی کا جائزہ لے کہ جو کچھ اس نے قرآن مجید میں پڑھا ہے ہماری زندگی کا ہر عمل اس کے مطابق بھی ہے یا نہیں۔آپ میں سے ہر ایک طالبہ قرآن مجید کے کسی ایک حکم کو بھی ٹالنے والی نہ ہو۔میری عزیز بچیو! آنحضرت ﷺ نے قرآن مجید کی عملی تصویر کو اپنے اعمال سے ظاہر کر دیا۔کیا ازدواجی زندگی اور کیا دوستوں دشمنوں سے سلوک، جنگوں کے اصول ، غرض آپ کی تمام زندگی قرآنی احکام کے عین مطابق نظر آتی ہے۔پس آنحضرت ﷺ نے قرآن کے ہر حکم پر عمل کر کے دکھا دیا۔تا آپ کے ماننے والے آپ کی تقلید میں اپنی زندگیاں اس طرح گزاریں۔اسلام پہلا مذہب ہے جس نے رواداری کا حکم دیا ہے۔آپ نے فرمایا تم مشرکوں کے بتوں کو برا نہ کہو اس کے جواب میں وہ تمہارے معبود کو برا بھلا کہیں گے۔کتنا اچھا اور دل میں گڑنے والا اصول ہے پھر اللہ تعالیٰ نے اُدْعُ إِلَى سَبِيلِ رَبِّكَ یعنی اپنی تعلیم کو دوسروں تک پہنچانے کا حکم دیا۔پس آپ بھی اپنے قول اور عمل سے دنیا کو اپنے رب کی طرف بلائے۔ایسی دلیل پیش کیجئے جو ان کی دلیل سے زیادہ اچھی ہو ایسا عمل دکھائیے جو ان کے عمل سے زیادہ احسن ہو اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی اصلاح کی توفیق بخشے۔آمین آخر میں آپ نے فرمایا کہ جس طرح یو نیورسٹی میں ایف اے، بی اے کے سالانہ امتحانات میں اوّل آنے والی طالبہ کو میڈل دیا جاتا ہے اس طرح آئندہ سال سے جامعہ نصرت کی جو طالبہ دینیات کے نظارت کے امتحان میں اول آئے گی اسے لجنہ مرکزیہ کی طرف سے نصرت جہاں میڈل دیا جائے گا۔انشاء اللہ نیز آپ نے فرمایا کہ جامعہ نصرت کی اصل غرض دینیات سکھانا ہے اس لئے کالج میں سب سے مقدم دینیات کا مضمون ہے باقی مضامین کو ثانوی حیثیت حاصل ہے۔پس کالج میں دینیات کی صدر کو وہی حیثیت حاصل ہونی چاہیے جو یونین کی صدر ہیڈ گرل اور کالج کونسل کو حاصل ہوتی ہے۔نیز مجلس دینیات کی صدر کے انتخابات کے لئے ضروری نہیں کہ باقی مجالس کی طرح Convessing ہو بلکہ اس طالبہ کو یہ اعزاز ملنا چاہئے جو نہ صرف علم دینیات میں دسترس رکھتی ہو بلکہ اس کا عمل اس کی چال ڈھال بھی قرآن کے مطابق ہو اس سلسلے میں پرنسپل صاحبہ اور سٹاف کی رائے بھی شامل ہونی چاہئے۔اللہ تعالیٰ آپ کو ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق بخشے۔آمین اللہم آمین الفضل 8 مارچ 1970