خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 670
670 پیغام جلسہ سالانہ مستورات قادیان 1967ء میری عزیز بہنو! السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس مبارک موقعہ پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بستی میں جمع ہونا مبارک فرمائے۔آپ جلسہ سالانہ کے دنوں میں روحانی خزائن سے اپنی جھولیاں بھریں اور پھر آپ کے ذریعہ وہ خزائن باقی دنیا میں تقسیم ہوں۔اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے قیام کی غرض آپ کو الہام بتائی تھی کہ يُــخــي الـديـن وَيُقِيمُ الشَّرِيعَة ( تذکرہ صفحہ 55 ایڈیشن چہارم) کہ آنے والا مسیح موعود پھر سے اسلام کو زندہ مذہب ثابت کرے گا۔اور قرآنی شریعت کو دنیا میں رائج کرے گا۔سو یہ غرض حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ سے ایسے نمایاں طور پر پوری ہوئی ہے کہ اس کے ثابت کرنے کے لئے کسی دلیل کی ضرورت نہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ ہمارا خدازنده خدا، آنحضرت ﷺ زنده نبی اور قرآن مجید زندہ کتاب ہے۔پس ہم جو آپ علیہ السلام کی جماعت میں شامل ہیں ہمارا فرض ہے کہ اپنے عمل ، کردار گفتار اور زندگیوں کے طور طریق سے دنیا پر اتمام حجت کر دیں کہ دنیا کی نجات اب صرف اسلام ہی سے وابستہ ہے۔سب سے بڑا ذریعہ تبلیغ اسلام اور احمدیت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا اپنے نمونہ کے ذریعہ سے ہے۔حضرت مصلح الموعود کا الہام کہ:۔اگر تم پچاس فیصد عورتوں کی اصلاح کر لو تو اسلام کو ترقی حاصل ہو جائے گی۔“ الازھار لذوات الخمار صفحہ 381 بھی اس کی نشاندہی کرتا ہے۔اولاد کی تربیت میں بڑا ہا تھ عورت کا ہوتا ہے۔اگر ہمارے دلوں پر بھی قرآن کی حکومت ہو، ہمارے گھروں میں بھی قرآن کی حکومت ہو اور ہم اور ہماری اولادیں قرآن کی تعلیم پر چلنے والی ہوں تو بہت جلد دنیا ہمارے نمونہ کو دیکھ کر اسلام کی تعلیم کی طرف متوجہ ہونے پر مجبور ہوگی اور اس نئے زمین و آسمان کا قیام ہو جائے گا۔جس کے قائم کرنے کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام تشریف لائے۔