خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page 396 of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 396

396 رسومات کے متعلق اسلامی تعلیم جلسہ سالانہ 1966ء عرض حال:۔رسومات کے متعلق اسلامی تعلیم کے عنوان پر عاجزہ نے جلسہ سالانہ 1966ء کے موقع پر تقریر کی تھی۔جسے پہلی دفعہ لجنہ اماءاللہ پشاور نے اور دوسری بار لجنہ مرکزیہ نے کتابی صورت میں شائع کیا تھا۔نئے لوگ بھی جماعت میں داخل ہوتے ہیں اور نئی نسل بھی جوان ہوتی ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ بار بار یہ باتیں ان کے سامنے بیان کی جائیں تا کہ وہ رسومات اور بدعات سے بچیں۔کچھ عرصہ سے بعض لجنات کے دوروں کے نتیجہ میں اور یہاں بھی بہنوں اور بچیوں سے بات چیت کرنے کے نتیجہ میں میرا مشاہدہ ہے کہ بہت سے اہم مسائل کے متعلق نئی نسل کو کم واقفیت ہے جس کی وجہ سے وہ غلطیوں کا شکار ہو جاتی ہے۔اس لئے اس کتابچہ کو مزید حوالہ جات کے اضافہ کے ساتھ شعبہ اشاعت لجنہ اماءاللہ مرکز یہ شائع کر رہا ہے۔تمام بہنوں کو اسے پڑھنا چاہئے اپنی بچیوں کو پڑھانا چاہئے۔لجنات کثیر تعداد میں اکٹھی خرید لیں تا کوئی ایک احمدی بہن اور بچی ایسی نہ رہے جس نے اسے نہ پڑھا ہو۔دیہاتی لجنات کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ دیہات میں اب بھی رسوم کثرت سے پائی جاتی ہیں۔میں سیدنا حضرت حافظ مرزا ناصر احمد مظہر ثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کے مندرجہ ذیل الفاظ کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرواتی ہوں۔کہ کس درد سے آپ نے جماعت کو رسومات کے خلاف جہاد کرنے کی طرف توجہ دلائی تھی اللہ تعالیٰ آپ کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔میں ہر گھر کے دروازے پر کھڑے ہو کر اور ہر (احمدی) گھرانہ کو مخاطب کر کے بد رسوم کے خلاف جہاد کا اعلان کرتا ہوں اور جو احمدی گھرانہ آج کے بعد ان چیزوں سے پر ہیز نہیں کرے گا اور ہماری اصلاحی کوشش کے باوجود اصلاح کی طرف متوجہ نہیں ہو گا وہ یہ یادر کھے کہ خدا اور اس کے رسول اور اس کی جماعت کو اس کی کچھ پرواہ نہیں ہے۔پس آج میں اس مختصر سے خطبہ میں ہراحمدی کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے اللہ تعالیٰ کے منشاء کے مطابق ہر بدعت اور بد رسم کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے اور میں امید رکھتا ہوں آپ سب میرے ساتھ اس جہاد میں شریک ہوں گے اور اپنے گھروں کو پاک کرنے کے لئے شیطانی وسوسوں کی سب راہوں کو اپنے گھروں پر بند کر دیں گئے خطبات ناصر جلد اول ص 763 - خطبہ جمعہ 23 جون 1967ء) اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہمیں خلافت سے وابستہ رہنے اور قدرت ثانیہ کے مظہر ثالث ایدہ اللہ تعالیٰ کی پوری پوری اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین