اسلام کا اقتصادی نظام — Page 137
نہیں ہوتے اس لئے زیادہ کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن مجھے قطعی طور پر معلوم ہوا ہے کہ روسی سپاہی کا لباس نہایت بوسید ہوتا ہے۔یہ رپورٹیں مجھے اپنی جماعت کے بعض احمدی افسروں اور بعض احمدی سپاہیوں نے پہنچائی ہیں جنہیں فوج میں ایسے مقامات پر کام کرنے کا موقع ملا جہاں روسی افسر اور روسی سپاہی بھی اُن کیساتھ تھے۔انہوں نے بتایا کہ روسی سپاہی کا لباس خصوصاً ایشیائی سپاہی کا لباس نہایت ادنیٰ ہوتا ہے۔اس کے مقابلہ میں مارشل تو موشنکو اور مارشل کو نیف کی تصویروں کو دیکھا جائے تو انہوں نے نہایت قیمتی تمنے لگائے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کا لباس بھی بڑا خوبصورت ہوتا ہے۔مارشل کا تمغہ ساٹھ ہزار کی قیمت کا ہوتا ہے۔اس تمغہ سے ہی اقتصادی مساوات کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔مساوات کے دعوی کی عملاً تغلیط پھر کمیونزم میں جو مساوات پائی جاتی ہے اُس کا اِس سے بھی اندازہ ہو سکتا ہے کہ موسیوسٹالن نے اسی جنگ کے ایام میں مسٹر چرچل کی ایک ملاقات کے موقع پر اُن کے اعزاز میں ایک دعوت دی تو اُس موقع پر بڑی تعداد میں کھانے تیار کئے گئے جو موسیوسٹالن اور ان دوسرے لوگوں نے کھائے جو اس دعوت میں شریک تھے۔مسٹر چرچل جب انگلستان واپس گئے تو کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اس دعوت کا ذکر کرتے ہوئے ایک موقع پر کہا کہ کاش! مجھے اپنے کیپٹلسٹ ملک میں وہ کھانے میسر آتے جو پرولی ٹیری ایٹ (PROLETARIAT) حکومت میں مجھے کھانے کو ملے۔اگر وہاں واقعہ میں مساوات پائی جاتی ہے تو کیا ماسکو کے ہر شہری کو اسی طرح ساٹھ ساٹھ کھانے ملا کرتے ہیں؟ اگر نہیں تو یہ امور صاف طور پر بتاتے ہیں کہ کامل مساوات کا سوال ابھی حل نہیں ہوا اور نہ حل ہو گا۔تم یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ مجبوری تھی کیونکہ ان جنگ کے دنوں میں انگلستان کی حکومتی دعوتیں بھی (137)