اسلام کی کتب (پانچویں کتاب) — Page 90
دعا اسلام کا ایک نہایت ہی اہم جزو ہے۔جو شخص دعا نہیں کرتا وہ دعا کی حقیقت سے ہی ناواقف ہے۔کیونکہ دعا ہی وہ حربہ ہے جس سے ہر کام سرانجام پاسکتا ہے۔کتنا ہی مشکل سے مشکل یا بڑے سے بڑا یا ناممکن سے ناممکن کام ہی کیوں نہ ہو وہ دعا کے ذریعہ ہوسکتا ہے۔کیونکہ ہمارا خدا ایک قادر خُدا ہے۔وہ جو چاہے کرسکتا ہے۔کوئی چیز اس کے آگے مشکل نہیں۔صرف بندہ کو اس کے در پر گرنے کی ضرورت ہے۔وہ بڑا اَرْحَمُ الرّاحمين خدا ہے۔وہ اپنے بندوں کی دعاؤں کوسنتا ہے اور ان کو قبول کرتا ہے۔جب ہمارا خدا ایسا قادر خدا ہے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس کے آگے سر بسجود نہ ہوں اور اپنی ہر ضرورت اس سے نہ مانگیں؟ یاد رکھو! کوئی کام سرانجام نہیں ہو سکتا جب تک کہ اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال نہ ہو۔اور اس کی مدد کو شامل حال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس سے مدد مانگیں۔پس ہر وقت دعا مانگنا اور ہر کام کرتے وقت اس سے مدد طلب کرنا ہمارا فرض ہے۔تا ہمارا ہر کام احسن طریق پر سر انجام اور بابرکت ہو سکے۔فَالْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِيْنَ الرَّحْمَنِ الرَّحِيْمِ مَلِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ إِيَّا كَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِيْنُ اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِيْنَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّا لِّيْنَ۔(آمين) خاکسار چودھری محمد شریف مولوی فاضل قادیان [90]