مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 344 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 344

ہےکہ مَیں بیدار ہو گیا۔اور اسی وقت جو ابھی کچھ حصہ رات کا باقی ہے مَیں نے یہ اشتہار لکھنا شروع کیا۔دوستو! اُٹھو اور ہو شیار ہو جائو کہ اس زمانہ کی نسل کے لئے نہایت مصیبت کا وقت آگیا ہے۔اب اس دریا سے پار ہونے کے لئے بجز تقویٰ کے اور کوئی کشتی نہیں۔مومن خوف کے وقت خدا کی طرف جھکتا ہے کہ بغیر اس کے کوئی امن نہیں۔اب دُکھ اُٹھا کر اور سوزو گداز اختیار کر کے اپنا کفارہ آپ دو اور راستی میں محو ہو کراپنی قربانی آپ ادا کرو اور تقویٰ کی راہ میں پورے زور سے کام لے کر اپنا بوجھ آپ اُٹھائو کہ ہمارا خدا بڑا رحیم و کریم ہے کہ رونے والوں پر اُس کا غصہ تھم جاتا ہے مگر وہی جو قبل از وقت روتے ہیں نہ مُردوں کی لاشوں کو دیکھ کر۔وہ خوف کرنے والوں کے سر پر سے عذاب کی پیشگوئی ٹال سکتا ہے۔جاہل کہتا ہے کہ یہ پیشگوئی کیوں ٹل گئی، لیکن اگر خدا میں یہ عادت نہ ہوتی کہ دُعا اور صدقہ اور خیرات اور گریہ اور بکا سے اُن بلائوں کو دُور کر دیتا جن کا اُس نے ارادہ کیا ہے یا جن بلائوں اور عذابوں کو نبیوں کی معرفت ظاہر کر چکا ہے تو دُنیا کبھی کی ہلاک ہو جاتی۔سو نیکی کرو اور خدا کے رحم کے امید وار ہو جائو۔خدا تعالیٰ کی طرف پوری قوت کے ساتھ حرکت کرو۔اور اگر یہ نہیں تو بیمار کی طرح افتاں خیزاں اس کی رضا کے دروازہ تک اپنے تئیں پہنچائو۔اور اگر یہ بھی نہیں تو مُردہ کی طرح اپنے اٹھائے جانے کا ذریعہ صدقہ خیرات کے راہ سے پیدا کرو۔نہایت تنگی کے دن ہیں اور آسمان پر خدا کا غضب بھڑک رہا ہے۔آج محض زبانی لاف و گزاف سے تم پار نہیں ہو سکتے۔ایسی حالت بنائو اور ایسی تبدیلی اپنے اندر پیدا کرو اور ایسے تقویٰ کی راہ پر قدم مارو کہ وہ رحیم وکریم خوش ہو جائے۔اپنی خلوت گاہوں کو ذکر الٰہی کی جگہ بنائو۔اپنے دلوں پر سے ناپاکیوں کے زنگ دُور کرو۔بیجا کینوں اور بخلوں اور بد زبانیوں سے پر ہیز کرو اورقبل اس کے کہ وہ وقت آوے کہ انسانوں کو دیوانہ سا بنادے بیقراری کی دعائوں سے خود دیوانے بن جائو۔عجب بد بخت وہ لوگ ہیں کہ جو مذہب صرف اس بات کا نام رکھتے ہیں کہ محض زبان کی چالاکیوں پر سارا دارو مدار ہو اور دل سیاہ اور ناپاک اور دنیا کا کیڑا ہو۔پس اگر تم اپنی خیر چاہتے ہو تو ایسے مت بنو۔عجب