مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 343 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 343

بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ الوصیّت قَالَ اﷲُ عَزَّوَجَلَّ۔ ۱؎ یعنی ان کو کہہ دے کہ میرا خدا تمہاری پروا کیا رکھتا ہے اگر تم بندگی نہ کرو اور دعائوں میں مشغول نہ رہو۔دوستو!خدا تعالیٰ آپ لوگوں کے حال پر رحم کرے۔آپ صاحبوں کو معلوم ہو گا کہ مَیں نے آج سے قریباً نو ماہ پہلے الحکم اور البدر میں جو قادیان سے اخباریں نکلتی ہیں خدا تعالیٰ کی طرف سے اطلاع پا کر یہ وحی الٰہی شائع کرائی تھی کہ عَفَتِ الدِّیَارُ مَحَلُّھَا وَ مُقَامُھَا یعنی یہ ملک عذاب الٰہی سے مٹ جانے کو ہے۔نہ مستقل سکونت امن کی جگہ رہے گی اور نہ عارضی سکونت امن کی جگہ یعنی طاعون کی وبا ہرجگہ عام طور پر پڑے گی اور سخت پڑے گی۔دیکھو اخبار الحکم مورخہ ۳۰؍ مئی ۱۹۰۴ء نمبر ۱۸ جلد ۸ کالم ۳۔اور اخبار البدرنمبر ۲۰و ۲۱مورخہ ۲۴؍ مئی و یکم جون ۱۹۰۴ء صفحہ ۱۵ کالم ۲۔اب میں دیکھتا ہوں کہ وہ وقت بہت قریب آ گیا ہے۔مَیں نے اس وقت جو آدھی ۲؎رات کے بعد چار بج چکے ہیں بطور کشف دیکھا ہے کہ دردناک موتوں سے عجیب طرح پر شور قیامت برپا ہے۔میرے منہ پر یہ الہام الٰہی تھا کہ موتا موتی لگ رہی ہے نوٹ۔26 / فروری کی رات جس کی صبح کو 27/ فروری ہے مراد ہے۔