مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 317
کا فیصلہ کرے گا اور اگر مسٹرڈوئی اس مقابلہ سے بھاگ گیا۔تو دیکھو آج میں تمام امریکہ اور یورپ کے باشندوں کو اس بات پرگواہ کرتا ہوں کہ یہ طریق اس کا بھی شکست کی صورت سمجھی جائے گی اور نیز اس صورت میں پبلک کو یقین کرنا چاہیے کہ یہ تمام دعویٰ اس کا الیاس بننے کا محض زبان کا مکر اور فریب تھا اور اگرچہ وہ اس طرح سے موت سے بھاگنا چاہے گا لیکن درحقیقت ایسے بھاری مقابلہ سے گریز کرنا بھی ایک موت ہے پس یقین سمجھو کہ اس کے صیہون پر جلدتر ایک آفت آنے والی ہے کیونکہ ان دونوں صورتوں میں سے ضرور ایک صورت اس کو پکڑلے گی۔اب میں اس مضمون کو اس دعا پر ختم کرتا ہوں کہ اے قادر اور کامل خدا جو ہمیشہ نبیوں پر ظاہر ہوتا رہا اور ظاہر ہوتا رہے گا۔یہ فیصلہ جلد کر کہ پگٹاور ڈوئی کا جھوٹ لوگوں پر ظاہر کر دے۔کیونکہ اس زمانہ میں تیرے عاجز بندے اپنے جیسے انسانوں کی پرستش میں گرفتار ہو کر تجھ سے بہت دُور جا پڑے ہیں۔سو اے ہمارے پیارے خدا ان کو اس مخلوق پرستی کے اثر سے رہائی بخش اور اپنے وعدوں کو پورا کر جو اس زمانہ کے لئے تیرے تمام نبیوں نے کئے ہیں۔ان کانٹوں میں سے زخمی لوگوں کو باہر نکال اور حقیقی نجات کے سرچشمہ سے ان کو سیراب کر۔کیونکہ سب نجات تیری معرفت اور تیری محبت میں ہے۔کسی انسان کے خون میں نجات نہیں۔اے رحیم کریم خدا! ان کی مخلوق پرستی پربہت زمانہ گزر گیا ہے۔اب ان پر تو رحم کر اور ان کی آنکھیں کھول دے۔اے قادر اور رحیم خدا سب کچھ تیرے ہاتھ میں ہے۔اب تو ان بندوں کو اس اسیری سے رہائی بخش۔اور صلیب اور خون مسیح کے خیالات سے ان کو بچالے۔اے قادرکریم خدا! ان کے لئے میری دعا سن اور آسمان سے ان کے دلوں پر ایک نورنازل کر تا وہ تجھے دیکھ لیں۔کون خیال کر سکتا ہے کہ وہ تجھے دیکھیں گے۔کس کے ضمیر میں ہے کہ وہ مخلوق پرستی کو چھوڑ دیں گے اور تیری آواز سنیں گے۔پر اے خدا تو سب کچھ کر سکتا ہے۔تو نوح کے دنوں کی طرح ان کو ہلاک مت کر کہ آخر وہ تیرے بندے ہیں بلکہ ان پر رحم کر اور ان کے دلوں کو سچائی کے قبول کرنے کے لئے کھول دے۔ہر ایک قفل کی تیرے ہاتھ میں کنجی ہے۔جبکہ تو نے مجھے اس کام کے لئے بھیجا ہے