مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 316 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 316

میں وہی مسیح موعود ہوں جو ایسے وقت میں آنے والا تھا اور میں صرف اپنے منہ سے نہیں کہتا کہ میں مسیح موعود ہوں بلکہ وہ خدا جس نے زمین و آسمان بنایا میری گواہی دیتا ہے۔اس نے اس گواہی کے پورا کرنے کے لئے صدہا نشان میرے لئے ظاہر کئے اور کر رہا ہے۔میں سچ سچ کہتا ہوں کہ اس کا فضل اس مسیح سے مجھ پر زیاہ ہے جو مجھ سے پہلے گذر چکا ہے۔میرے آئینہ میں اس کاچہرہ اس سے زیادہ وسیع طور پر منعکس ہوا ہے جو اس کے آئینہ میں ہوا تھا۔اگرمیں صرف اپنے منہ سے کہتا ہوں تو میں جھوٹا ہوں ‘ لیکن اگر وہ میرے لئے گواہی دیتا ہے تو کوئی مجھے جھوٹا قرار نہیں دے سکتا۔میرے لئے اس کی ہزارہا گواہیاں ہیں جن کو میں شمار نہیں کر سکتا مگر منجملہ ان کے ایک یہ بھی گواہی ہے کہ یہ دلیردروغ گو یعنی پگٹ جس نے خدا ہونے کا لنڈن میں دعویٰ کیا ہے وہ میری آنکھوں کے سامنے نیست و نابود ہو جائے گا۔دوسری یہ گواہی ہے کہ مسٹر ڈوئی اگر میری درخواست مباہلہ قبول کرے گا اور صراحتاً یا اشارۃً میرے مقابلہ پر کھڑا ہو گا تو میرے دیکھتے دیکھتے بڑی حسرت اور دُکھ کے ساتھ اس دنیائے فانی کو چھوڑدے گا۔یہ دونشان ہیں جو یورپ اور امریکہ کے لئے خاص کئے گئے ہیں۔کاش وہ ان پر غور کریں اور ان سے فائدہ اٹھاویں۔یاد رہے کہ اب تک ڈوئی نے میری اس درخواست مباہلہ کا کچھ جواب نہیں دیااور نہ اپنے اخبار میں کچھ اشارہ کیا ہے۔اس لئے میں آج کی تاریخ سے جو ۲۳؍اگست ۱۹۰۳ء ہے۔اس کو پورے سات ۷ماہ کی اور مہلت دیتا ہوں اگر وہ اس مہلت میں میرے مقابلہ پر آگیا اور جس طور سے مقابلہ کرنے کی میں نے تجویز کی ہے جس کو میں شائع کر چکا ہوں اس تجویز کو پورے طور پر منظور کر کے اپنے اخبار میں عام اشتہار دیدیا تو جلدتر دنیادیکھ لے گی کہ اس مقابلہ کا انجام کیا ہو گا۔میں عمر میں ستر۷۰ برس کے قریب ہوں اور وہ جیسا کہ بیان کرتا ہے پچاس ۵۰برس کا جوان ہے جو میری نسبت گویا ایک بچہ ہے لیکن میں نے اپنی بڑی عمر کی کچھ پروا نہیں کی کیونکہ اس مباہلہ کا فیصلہ عمروں کی حکومت سے نہیں ہو گا۔بلکہ وہ خدا جو زمین و آسمان کا مالک اور احکم الحاکمین ہے وہ اس