مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 278
نے اپنی فروتنی اور محبت سے میرے پر ظاہر کیا کہ وہ میرا بھائی ہے اور میں نے بھی محسوس کیا کہ وہ میرا بھائی ہے تب سے میںاس کو اپنا ایک بھائی سمجھتا ہوں۔سو جو کچھ میں نے دیکھا ہے اس کے موافق میرا یہی عقیدہ ہے کہ وہ میرا بھائی ہے۔گومجھے حکمت اور مصلحت الٰہی نے اس کی نسبت زیادہ کام سپرد کیا ہے اور اس کی نسبت زیادہ فضل اور کرم کے وعدے دیئے ہیں مگر پھر بھی میں اور وہ روحانیت کے رو سے ایک ہی جوہر کے دو ٹکڑے ہیں۔اسی بنا پر میرا آنا اسی کا آنا ہے۔جو مجھ سے انکار کرتا ہے وہ اس سے بھی انکار کرتا ہے۔اُس نے مجھے دیکھا اور خوش ہوا۔پس وہ جو مجھے دیکھتا اور ناخوش ہوتا ہے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔نہ مجھ میں سے اور نہ مسیح ابن مریم میں سے اور مسیح ابن مریم مجھ میں سے ہے اور میں خدا سے ہوں۔مبارک وہ جو مجھے پہچانتا ہے اور بدقسمت وہ جس کی آنکھوں سے میں پوشیدہ ہوں۔‘‘ (منقول از ریویو آف ریلیجنز اردو جلد۱ نمبر۹ ماہ ستمبر ۱۹۰۲ء از صفحہ ۳۳۹ تا صفحہ ۳۴۸) ------------------------------ (نوٹ از مرتب) حضور نے یہ اشتہار مشتمل برمضمون مباہلہ ڈوئی کے علاوہ امریکہ کے ان مشہور روزناموں کو بھی بھیج دیا جو بڑی کثرت سے دنیا میں شائع ہوتے تھے۔ان اخباروں نے بکثرت اشتہار کی اشاعت کی۔اور ڈوئی کو حضور کے چیلنج قبول کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی مگر اس نے خاموشی اختیار کر لی۔تب حضور نے ۲۳؍اگست ۱۹۰۳ء کو ایک اور اشتہار انگریزی میں ترجمہ کر کے بھجوایا۔اصل اردو اشتہار جلد ہذا کے صفحہ۶۰۵ اشتہار نمبر۲۶۰ میں ملاحظہ کریں۔(مرتب)