مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 254
بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ لنگر خانہ کے انتظام کے لئے چونکہ کثرت مہمانوں اور حق کے طالبوں کی وجہ سے ہمارے لنگر خانہ کا خرچ بہت بڑھ گیاہے اور کل مَیں نے جب لنگر خانہ کی تمام شاخوں پر غور کر کے اور جو کچھ مہمانوں کی خوراک اور مکان اور چراغ اور چارپائیاں اور برتن اور فرش اور مرمت مکانات اور ضروری ملازموں اور سقاّ اور دھوبی اور بھنگی اور خطوط وغیرہ اور ضروریات کی نسبت مصارف پیش آتے رہتے ہیں۔ان سب کو جمع کر کے حساب لگایا تو معلوم ہوا کہ ان دنوں میں آٹھ سو۸۰۰ روپیہ اوسط ماہواری خرچ ہوتا ہے اس خرچ کے لئے خاص خدا تعالیٰ نے ہی ایسے اتفاقات پیش کئے کہ اب تک ہمیں محض خدا تعالیٰ کے فضل اور رحمت سے کوئی فاقہ نہیں آیا۔مگر چونکہ ہر ایک امر جس کے ساتھ کوئی انتظام نہیںموجب ابتلا ہوتا ہے اور سلسلہ غموںکا اندازہ سے زیادہ بڑھ جاتا ہے اس لئے اس پُر تشویش وقت میں کہ جبکہ آمدن مستقل طور پر ساٹھ روپیہ ماہواری بھی نہیں اور خرچ آٹھ سو روپیہ ماہواری سے کم نہیں، کوئی انتظام توکّلا عَلَی اللّٰہ ضروری ہے