مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 361 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 361

طیار ہونے والی ہے۔خدا تعالیٰ کسی صادق کو بے جماعت نہیں چھوڑتا۔انشاء اللہ القدیر سچائی کی برکت ان سب کو اس طرف کھینچ لائے گی۔خدا تعالیٰ نے آسمان پر یہی چاہا ہے۔اور کوئی نہیں کہ اس کو بدل سکے۔سو لازم ہے کہ اس جلسہ پر جو کئی بابرکت مصالح پر مشتمل ہے۔ہر ایک ایسے صاحب ضرور تشریف لاویں جو زادِ راہ کی استطاعت رکھتے ہوں اور اپنا سرمائی بستر لحاف وغیرہ بھی بقدر ضرورت ساتھ لاویں۔اور اللہ اور اس کے رسول کی راہ میں ادنیٰ ادنیٰ حرجوں کی پرواہ نہ کریں۔خدا تعالیٰ مخلصوں کو ہریک قدم پر ثواب دیتا ہے اور اس کی راہ میں کوئی محنت اور صعوبت ضائع نہیں ہوتی۔اور مکرر لکھا جاتا ہے کہ اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قومیں طیار کی ہیں۔جو عنقریب اس میں آ ملیں گی۔کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔عنقریب وہ وقت آتا ہے بلکہ نزدیک ہے کہ اس مذہب میں نہ نیچریت کا نشان رہے گااور نہ نیچر کے تفریط پسند اور اوہام پرست مخالفوں کا، نہ خوارق کے انکار کرنے والے باقی رہیں گے، اور نہ ان میں بیہودہ اور بے اصل اور مخالف قرآن روایتوں کو ملانے والے۔اور خدا تعالیٰ اس امّت وسط کے لیے بین بین کی راہ زمین پر قائم کر دے گا۔وہی راہ جس کو قرآن لایا تھا۔وہی راہ جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ رضی اللہ عنہم کو سکھلائی تھی۔وہی ہدایت جو ابتدا سے صدیق اور شہید اور صلحاء پاتے رہے۔یہی ہو گا۔ضرور یہی ہو گا۔جس کے کان سُننے کے ہوں سُنے۔مبارک وہ لوگ جن پر سیدھی راہ کھولی جائے۔بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہریک صاحب جو اس للّہی جلسہ کے لیے سفر اختیار کریں۔خدا تعالیٰ اُن کے ساتھ ہو اور اُن کو اجر عظیم بخشے۔اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات اُن پر آسان کر دیوے اور اُن کے ہم ّوغم دور فرماوے۔اور ان کو ہریک تکلیف سے مَخلصی عنایت کرے۔اور ان کی مُرادات کی راہیں اُن پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے اُن بندوں کو ساتھاُن کو اُٹھاوے جن پر اُس کا فضل و رحم ہے