مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 272
اطلاع بعض دوستوں کے خط پہنچے کہ جیسے مولوی ابوسعید محمد حسین صاحب بٹالوی بعد مباحثہ شہر لودیانہ سے حکماً نکالے گئے ہیں یہی حکم اس عاجز کی نسبت ہوا ہے سو واضح رہے کہ یہ افواہ سراسر غلط ہے۔ہاں یہ سچ ہے کہ مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی اپنی وحشیانہ طرز بحث کی شامت سے لودہانہ سے شہر بدر کئے گئے لیکن اس عاجز کی نسبت کوئی حکم اخراج صادر نہیں ہوا چنانچہ ذیل میں نقل مراسلہ صاحب ڈپٹی کمشنر بہادر لودھیانہ لکھی جاتی ہے۔از پیشگاہ مسٹر ڈبلیو چئوس صاحب بہادر ڈپٹی کمشنر لودہیانہ میرزا غلام احمد صاحب رئیس قادیان سلامت۔چٹھی آپ کی مورخہ دیروزہ موصول ملاحظہ و سماعت ہوکر بجوابش تحریر ہے کہ آپ کو بمتابعت و ملحوظیّت قانون سرکاری لودہیانہ میں ٹھہرنے کے لیے وہی حقوق حاصل ہیں جیسے کہ دیگر رعایا تابع قانون سرکار انگریزی کو حاصل ہیں۔المرقوم ۶؍ اگست ۱۸۹۱ء دستخط صاحب ڈپٹی کمشنر بہادر (یہ اشتہار ازالہ اوہام حصہ دوم بار اوّل مطبوعہ ریاض ہند پریس امرتسر کے ٹائٹل کے صفحہ آخر پر ہے) (روحانی خزائن جلد ۳ صفحہ ۶۳۷)