مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 220 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 220

 ضروری اشتہار   ۔۱؎ ناظرین پر واضح ہو کہ مسیح ابن مریم کے نزول کی حقیقت جو خدا تعالیٰ نے اس عاجز پرکھولی ہے جس کے بارے میں کچھ تھوڑا سا رسالہ فتح اسلام اور توضیح مرام میں ذکر ہے اور رسالہ ازالہ اوہام میں مبسوط اور مفصّل طور پر اس کا بیان ہے۔ایسا ہی ملائک اور لیلۃ القدر اور معجزات مسیح کے بارے میں جو کچھ ان رسالوں میں لکھا گیا ہے۔قبل اس کے جو علماء اسلام غور سے ان مباحث کو پڑھیں اور تدبّر سے ان کے مطلب کو سوچیں یونہی مخالفانہ خیالات خلق اللہ میں پھیلا رہے ہیں اور عوام النّاس کو اپنے بے اصل وساوس سے ہلاک کرتے جاتے ہیں حالانکہ رسالہ توضیح مرام کے آخر میں نصیحتًا لکھا گیا تھا کہ جب تک تینوں رسالوں کو دیکھ نہ لیں کوئی رائے ظاہر نہ کریں مگر وہ آخر تک صبر نہ کر سکے۔کسی نے کہا کہ یہ شخص کافر ہے اور کسی نے کہا کہ یہ شخص ضَالّ اور مُضِلّ ہے اور کسی نے کہا کہ بے جا تاویلیں کرتا ہے اور کسی نے کہا کہ اس کو مالیخولیا ہے اور چونکہ اکثر لوگ ان میں موٹی عقل کے آدمی اور کجی سے بہ نسبت راستی کے زیادہ پیار کرنے والے ہیں۔اس لیے ان مولوی صاحبوں کے بیانات کا ان کے دلوں پر سخت اثر پڑا۔اور عوام الناس کی تو یہ پہلے ہی سے عادت ہے کہ وہ اصل حقیقت پر غور کم کرتے ہیں۔اور ایک خود غرض یا کو تاہ فہم مولوی کے بیان کو فیصلہ ناطق سمجھ لیتے ہیں۔اسی ضرر رساں سیرت نے انہیں طرح طرح کے گڑھوں اور غاروں میں ڈال دیا ہے۔لہٰذا قرین مصلحت سمجھ کر کُل مخالف الرائے علماء کے مقابل محض لِلّٰہ یہ اشتہار جاری کیا جاتا ہے کہ اگر ان کو اس عاجز کے ان دعاوی مذکورہ بالا کے ۱؎ الانفال: ۴۳