مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 165
اس عاجز کے الہامی پیشگوئیاں پیش کرونگا۔اب چونکہ ہم یقینا جانتے ہیں کہ عیسائی کلیسیا برکت اور قبولیت اور ایمانداری کے پھلوں سے بالکل خالی ہے۔اور سارا گزارہ لاف و گزاف اور یاوہ گوئی پر ہے۔اور تمام برکتیں اسلام سے ہی خاص ہیں اس لیے ہم نے مناسب سمجھا کہ اس لاف و گزاف کی اصلیّت ظاہر کرنے کے لیے اور نیز یہ بات پبلک کو دکھانے کے لیے کہ کہاں تک عیسائیوں میں دردغ گوئی اور بے باکی نے رواج پکڑ لیا ہے، اس بالمقابل کرامت نمائی کے لئے اجازت دی جائے۔؎ تا سیہ رُوئے شود ہر کہ دروغش باشد سو آج ہماری طرف سے بھی اس قسم کا مناظرہ قبول ہو کر عام اطلاع کے لیے یہ اعلان جاری کیا جاتا ہے کہ ۲۱؍ مئی ۱۸۸۸ء کو پیر کے روز میاں فتح مسیح عیسائی روح القدوس کا فیض دکھلانے اور الہامی پیشگوئیاں بالمقابل بتلانے کے لیے ہمارے مکان پر جو نبی بخش ذیلدار کا طویلہ ہے آئیں گے۔جیسا کہ انہوں نے قریباً پچاس آدمی کے رُوبرو یہ وعدہ کر لیا ہے۔پہلے ہم الہامی پیشگوئیاں بقید تاریخ پیش کریں گے اور پھر اُس کے مقابل پر ان کے ذمہ ہو گا کہ ایسی ہی الہامی پیشگوئیاں وہ بھی پیش کریں۔پس جو صاحب اس جلسہ کودیکھنا چاہتے ہوں انہیں اختیار ہے کہ دس بجے تک بروز پیر ہمارے مکان پر بٹالہ میں حاضر ہو جاویں۔پھر اگر میاں فتح مسیح برطبق اپنے وعدہ کے پیر کے دن آ موجود ہوئے ہوں اور روح القدس کی الہامی طاقت جو اٹھارہ سو برس سے عیسائی جماعت سے بو جہ گمراہی ان کی کے گم ہو چکی ہے تازہ طور پر دکھلائیں اور اُن پیشگوئیوں کی سچائی اپنے وقت میں ظہور میں آ جائے تو بلا شبہ عیسائیوں کو اپنے مذہب کی صداقت پر ایک حجت ہو گی کیونکہ ایسے عظیم الشان میدان مقابلہ میں خدا تعالیٰ نے ان کی حمایت کی اور مسلمانوں کی نہ کی۔اور ان کو فتح دی اور مسلمانوں کو نہ دی، لیکن اگر ہماری پیشگوئیاں سچی نکلیں اور اس میدان میں دشمن کو شکست اور ہم کو فتح ہوئی تو اس سے صاف ثابت ہو جائے گا کہ خدا مسلمانوں کے ساتھ ہے۔اور اگر میاں فتح مسیح تاریخ مقرر پر نہ آئے اور اس