ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 77
ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام فوت ہو گئے اور یہ بات لوگوں کو ناگوار تھی اور اس پر ناراض ہو گئے۔مرزا صاحب کو دنیا سے اور دنیا داروں سے بیزاری تھی اور کسی دنیا دار کو آپ سے تعلق نہ تھا اور آخر تک بیزار رہے اور حظّ نفسانی سے پاک تھے۔(۳) کیا مرزا صاحب مسمریزم سے اپنا اثر ڈالتے تھے؟ جواب۔مرزا صاحب مسمریزم نہیں جانتے تھے اور نہ پسند کرتے تھے کہ کوئی مسمریزم کرے اور اس کو مکروہ جانتے تھے۔(۴)کیا مرزا صاحب کی صرف موت ہی کی پیشگوئی صحیح ہوا کرتی تھی ؟ جواب۔مرزا صاحب نے میرے لئے پیشگوئی کی کہ تم کو اللہ تعالیٰ لڑکا دے گا اور وہ ہوا۔بہتوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی زندگی میں برکت دے اور ان کو اللہ تعالیٰ نے برکت دی۔پھر یہ کہنا کہ صرف موت ہی کی پیشگوئی کرتے تھے غلط ہے۔(۵) کیا مرزا صاحب دہریہ تھے؟ جواب۔اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰـہَ اِلَّااللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُـہٗ۔بلا خوف لحاظ آپ لوگوں کے یہ میری اور مرزا کی شہادت ہے چاہے کوئی مانے یا نہ مانے ہم دہریہ کو ملعون یقین کرتے ہیں اور کافر مانتے ہیں۔(۶) کیا آپ بھی مرزا صاحب کے خیالات کے موافق ہیں ؟ جواب۔میں بقدر طاقت و فہم مرزا صاحب کا ہم خیال ہوں۔مجھے بے ریب قرآن وحدیث سے محبت ہے اور مجھے بحمد اللہ بخاری و مسلم و موطا و ابودائود اور ترمذی کا فہم عطا ہوا ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔امام بخاری رحمۃ اللہ کی کوئی سوانح عمری خاص میں نے نہیں دیکھی اور نہ میرے پاس ہے۔عون المعبود شرح ابودائود کے مصنف نے خطرناک غلطی مرزا کے معاملہ میں کھائی۔اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔ایک دو رسائل مرزا کے مرسل خدمت ہیں۔نور الدین