ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 50
ہے اور کچھ گاہے بگاہے۔بحالت فرض زکٰوۃآیا ہر وقت کے مستعمل زیور کی بھی زکوٰۃ دینی ہو گی یا نہیں؟ ۲۔آیا غیر محرم مردوں کا بچا ہوا کھانا یا پانی مستورات پی سکتی ہے یا شرعاً ممنوع ہے؟ جواب میں حضرت امیر نے فرمایا۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مستعمل زیو رپر جو اکثر اوقات پہنا جاوے اس پر زکوٰۃ نہ دو۔اور جو زیور استعمال میں نہیں اُس کے لئے زیور سے زکوٰۃدے دو۔سات تولہ سونا میں سے ۲ماشہ اور ۵۲تولہ میں سواتولہ کے قریب چاندی۔غیر محرم کا بچا ہوا کھانا پاک اور جائزاور شرع اسلام میں غیر محرم عورتوں کو اس کا کھانا بلا کسی تردّد کے درست ہے۔ہمیشہ استغفار ، لاحول ، درود شریف اور کثرتِ الحمد سے کام لو۔سید کسے کہتے ہیں ؟ سوال۔حضرت خلیفہ پیر صاحب خلیفۃ المسیح صاحب دام اقبالہ بعدالسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ کے یہ عرض ہے کہ ایک شخص کا بیان ہے کہ سید نسبی ہے یعنی مائی صاحبہ فاطمہ کی اولاد سے جو شخص ہے وہ سید ہے اور بس۔ایک اور شخص کا بیان ہے کہ عام لوگ سید ہو سکتے ہیں یعنی جو عمل نیک کرے وہ سید ہے۔برائے مہربانی کر کے اس کا فیصلہ فرما دیں۔اور ایک دوائی کا نام ہے وہ سمجھ میں نہیں آتا اس کی تشریح ضرور فرما دیں اس کا نام بجورا ہے۔اس کی تشریح کر کے تحریر فرماویں کہ کیا شے ہے۔جواب۔سید کے معنے عربی زبان میں سردار کے ہیں عرب لوگ ہر ایک بڑے آدمی کو سردار کی بجائے سید کہتے ہیں۔ایسا ہی مصر شام و استنبول میں۔اس ملک میں اولاد جناب بتول زہرا کو سیدکہتے ہیں یہ صرف رواج کا معاملہ ہے۔عرب میں اولاد جناب سیدہ فاطمہؓ الزہرا کو اشراف کہتے ہیں اور ایک ایک کو شریف بولتے ہیں۔یہ صرف ملکی رواج ہے کوئی شرعی احکام نہیں۔