ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 155 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 155

جماعت احمدیہ کے اصول ایک سائل کے جواب میں حضرت خلیفۃ المسیح نے تحریر فرمایاکہ جماعت احمدیہ کے اصول مفصلہ ذیل ہیں۔۱۔اللہ تعالیٰ ایک ہے اپنی ذات میں یکتا اپنی صفات میں بے ہمتا اپنی عبادت میں وحدہ لاشریک۔۲۔اللہ تعالیٰ کے فرشتے ہیں جو مختلف کاموں پر مقرر ہیں وہ آدمیوں کو نیک ترغیبیں دیتے رہتے ہیں۔۳۔اللہ تعالیٰ کی سب کتابیں بر حق ہیں جن کی تعداد اللہ تعالیٰ کے سوائے کوئی نہیں جانتا۔۴۔اللہ تعالیٰ کے سب رسول ہیں جو اس نے بھیجے سب سچے تھے ہم کسی کا ان میں سے انکار نہیں کر سکتے۔۵۔محمد رسول اللہ جو مکہ میں پیدا ہوئے اور جن کا انتقال مدینہ منورہ میں ہوا وہ خاتم النبیین اور ان کی کتاب قرآن کریم جامع کتب الٰہیہ ہے۔۶۔تقدیر کا مسئلہ سچ ہے۔اللہ تعالیٰ ہر ایک چیز کو قبل اس کے پیدا کرنے کے جانتا۔نیکی وبدی دو چیزیں الگ الگ ہیں ہر ایک کو انسان علیحدہ علیحدہ دیکھ لے گا۔۷۔بعد الموت قبر وحشر، پل صراط ،دوزخ اور بہشت کے حالات جو اللہ تعالیٰ نے الکتاب المجید میں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائے سب سچ ہیں اور مومن کے لئے ضروری ہے نماز، زکوٰۃ، روزہ، حج، نیک اخلاق کے ادا کرنے اور بدیوں سے بچنے کے لئے ہر وقت کمر بستہ رہے، مومن کے ہر ایک کام میں اللہ تعالیٰ کی تعظیم نظر آوے اور طرح طرح سے مخلوق الٰہی کو نفع پہنچاوے۔ہاں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے احکام کی خلاف ورزی ہر گز ہرگز نہ کرے کسی مذہب کے کسی بزرگ کو برا نہ کہے صحابہ کرام اور تابعین کا زمانہ بابرکت تھاان میں جو ائمہ اور بزرگ مشہور ہیں ان کو خصوصیت سے برا نہ کہے۔استغفار، لاحول، درود شریف اور الحمد وظیفہ رکھو۔والسلام (الحکم جلد ۱۳ نمبر ۳۶،۳۷ مورخہ ۱۴؍ دسمبر ۱۹۰۹ء صفحہ۷ ،۸ )