ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 154
جلسہ عیسائی صاحبان میں تقسیم کیا گیا اشتہار یہ اشتہارحضرت امیر ا لمؤمنین خلیفۃ المسیح سلمہ اللہ تعالیٰ نے لاہور میں تقسیم کرنے کے واسطے قادیان سے چھپوا کر اخویم خواجہ کمال الدین صاحب کے پاس بھیج دیا ہے جو ۶؍ دسمبر کو عین جلسہ عیسائی صاحبان میں تقسیم ہوا۔بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم اسلامی لیکچر بجواب مسیحی لیکچر جو سلسلہ لیکچروں کا آج کل مسیحی صاحبان کی طرف سے لاہور فورمن کالج میں جاری ہے اس میں مسیحی صاحبان کی طرف سے ہر لیکچر کے خاتمہ پر چند منٹ مباحثہ کی استدعا بھی کی جاتی ہے۔ان لیکچروں کے جواب میں بعض مسلمانوں کا منشاء ہے کہ مسلمان اوّل تو ان لیکچروں کو نہ سنیں دوم یہ بھی سنا ہے کہ خود وہ بالمقابل لیکچردیں گے۔یہ دونوں امور ہمیں پسند نہیں نیز فوری جوش سے چند منٹ کے مباحثات میں ان اصولوں کی تحقیق کرانا جن پر مذاہب کی بنیادیں ہوں ایک سہل امر نہیں۔حق کا ثابت کرنا اور باطل کو مٹانا ہنسی کا کام نہیں۔مخالف کی بات کو غور سے سننا اس میں جس قدر حق شناس ہو اس کو لینا اور اس میں اگر باطل ہے تو صرف اس کا مٹانا ضروری ہے۔اس لئے ہم نے تجویز کیا ہے کہ پہلے مسیحی لوگوں کے لیکچروں کو صبر اور غور کے ساتھ سن کر ان باتوں کو دیکھ لیا جائے جو انہوں نے اسلام کے برخلاف لیکچروں میں کہی ہیں اور پھر ان کا جواب سلسلہ وار دیا جاوے۔(النحل:۱۲۶) ایک قرآنی ارشاد واجب الانقیاد ہے اس لئے ہم انشاء اللہ عنقریب بذریعہ اشتہار ثانی پبلک کو اطلاع دیں گے کہ مسیحی لیکچروں کے جواب میں جہاں تک ان کا تعلق اسلام سے ہے کب اور کس مقام پر اسلامی لیکچروں کا سلسلہ شروع کیا جاوے گا۔وَمَا تَوْفِیْقِیْ اِلَّا بِاللّٰہِ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَاِلَیْہِ اُنِیْبُ۔المشـــــتھــــــــر نورالدین از قادیان ۵؍دسمبر۱۹۰۹ء