ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 333 of 430

ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 333

۵۔اخبار الحکم اور البدر میں دو قسم کے مضامین ہوتے ہیں ایک حصہ ان میں نصرت دین کا ہوتاہے اورایک حصہ وہ ہے جس سے اخبار فائدہ اٹھاتے ہیں۔پس حصہ اولیٰ اوامر الٰہیہ کے نیچے ہوگا۔اور حصہ ثانیہ کسب وتجارت کے ماتحت اور کسب و تجارت مستحب بھی ہے اور ضروری بھی۔۶۔عام صدقات پر عامل کا ارشاد قرآن کریم میں۔غور کرو ٭(التوبۃ:۶۰) آپ ان جوابات پر توجہ فرماویں۔میں نے بطور اصول مختصراً ذکر کیے ہیں۔نور الدین فرقہ احمدیہ ایک صاحب نے حضرت مولوی نور الدین صاحب سے ایک سوال دریافت کیا۔جس کا یہ مطلب ہے کہ کیا وجہ ہے کہ حضرت مرزا صاحب نے ایک علیحدہ فرقہ بنایا حالانکہ عام مسلمانوں میں اخوت اور محبت کو فروغ دینا چاہیے۔حضرت مولوی صاحب موصوف نے مفصلہ ذیل جواب تحریر فرمایا۔مکرم معظم۔جناب جج صاحب بالقابہ بادب گزارش ہے کہ اس وقت قوم اسلام کا شیرازہ ٹوٹ گیا ہے۔شیعہ اور خارجی، حنفی اور وہابی، ظاہری علماء اور صوفی۔نقشبندی اورچشتی۔وجودی اور شہودی اور ہزاروں فرقہ اسلا م میں ہیں اور ان کا نقار اب حد سے بڑھ گیاہے۔اس وقت منافقانہ رنگ اتحاد قوم کو ایک نہیں کر سکتا۔ایک شخص ابو بکرؓ کو کافر کہتا ہے عائشہؓ کو بری عورت ثابت کرتا ہے۔دوسراکہتاہے علیؓ کا کیا ایمان تھا جس نے پندرہ ہزار مسلمان۔۔۔۔۔۔۔قتل کردیئے۔قتل مومن متعمّد کا مرتکب تھا۔وجودی کہتا ہے ہر ذرہ خدا ہے جس کو سنتا ہے کہ وہ مخلوق کو خالق سے الگ کہتا ہے اسے مشرک یقین کرتاہے۔اب قوم کاشیراہ کیونکر باندھا جاوے اس کی ایک یہی ترکیب ہے کہ کوئی نیا انسان خدا سے قوت پا کر ایک زبردست طاقتور جماعت بناوے سو اس میں فکر کا ٹھیکیدار انسان مرزا غلام احمد ہے۔