سوانح حضرت ابو بکرؓ — Page 1
حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ دیباچه جب بھی دنیا میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے مامور آتے ہیں تو نیکی کی طاقتیں بھی ابھر کر پوری طاقت سے سامنے آجاتی ہیں اور اس کے مقابلہ پر ان نیکیوں کو مٹانے کے لئے بدی کی طاقتیں بھی پورا زور لگاتی ہیں۔گو یا اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والے کا آنا ایک قیامت کا نمونہ بن جاتا ہے کیونکہ اس کے آنے سے دنیا میں ایک حشر برپا ہو جاتا ہے اور دلوں کی پوشیدہ طاقتیں کھل کر سامنے آجاتی ہیں۔اور پھر کوئی مامور من اللہ کے ساتھ ہو کر ادب، احترام اور قربانیوں کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ابو بکر صدیق بن جاتے ہیں اور کچھ اندھی مخالفت میں مبتلا ہو کر بے نام ونشاں رہ جاتے ہیں۔اور دنیا میں ان کا نام لینے والا کوئی بھی باقی نہیں رہتا۔زیر نظر کتاب میں جس عظیم انسان کے حالات آپ پڑھنے جارہے ہیں انہوں نے بھی اخلاص و وفا کے اعلیٰ نمونے دکھاتے ہوئے حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محبت اور اطاعت کا ایسا تعلق باندھا جو بے مثال تھا اور آج بھی ان نمونوں پر فخر کیا جاتا ہے۔اور آج بھی ان کی پیروی کر کے ہم اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی محبت حاصل کر سکتے ہیں۔