حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد پنجم حصہ دوم) — Page 53
حیات احمد ۵۳ جلد پنجم حصہ دوم اس اعلان کے بعد اس فیصلہ کن جلسہ کے لئے ابتدائی انتظامات شروع ہو گئے جو مکرم خواجہ کمال الدین صاحب (مغفور و مرحوم) نے اپنے ذمہ لئے اور عید اضحی کی تقریب پر جبکہ جماعت کے افراد شریک جلسہ ہوئے تو بعد نماز عید جو حضرت حکیم الامت خلیفتہ المسیح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مسجد اقصیٰ میں پڑھائی جلسہ کی کارروائی شروع ہوئی جس کی مختصر روائداد کا حضرت خواجہ صاحب نے اس طرح پر آغاز کیا۔انجمن اشاعت اسلام اور رسالہ ریویو آف ریلیجنز کی بنیاد برادران - السلام علیکم آپ کی آنکھیں نہایت اشتیاق سے اس کارروائی کے دیکھنے کی منتظر ہوں گی جو مجوزہ رسالہ انگریزی کے متعلق عید اضحی کے موقعہ پر ہونے والی تھی سوخدا تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ کارروائی نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام پائی اور ہمارے دوستوں نے متفق اللفظ ہو کر رسالہ انگریزی اور اس کے مستقل سرمایہ کی ضرورت کو تسلیم کر کے ایک مستقل فنڈ کی بنیاد رکھی مختلف تحریکیں جو اس موقعہ پر دوستوں نے کیں ان سے اس امر کی ضرورت ثابت ہے بجائے ایک انگریزی رسالہ شائع کرنے کے ایک مستقل انجمن بسر پرستی حضرت اقدس قائم کی جائے۔جس کی غرض بذریعہ زبان انگریزی اسلامی تعلیم کو اشاعت دینا ہوا اور اس غرض کو پورا کرنے کے لئے نہ صرف ایک معیاری رسالہ پر کوششوں کو محدود کر دیا جاوے بلکہ اور تصانیف بھی وقتاً فوقتاً حسب اقتضائے وقت زبان انگریزی میں بسر پرستی انجمن شائع ہوا کریں۔البتہ اشاعت رسالہ ان اغراض کے پورا کرنے کا مستقل ذریعہ ہوگا۔چنانچہ با تفاق رائے حاضرین جلسہ ایک انجمن موسوم بہ انجمن اشاعت اسلام قرار دی گئی ہے اور اس کا افتتاحی اجلاس ۲ / مارچ ۱۹۰۱ء کو بعد نماز ظہر مسجد اقصیٰ یعنی جامع مسجد قادیان میں منعقد ہوا اور اس موقعہ پر حضرت اقدس نے مندرجہ ذیل تقریر فرمائی۔