حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم) — Page 139
حیات احمد ۱۳۹ جلد دوم حصہ دوم (۴) ایک اور ضروری امر اس نمبر کی ترتیب میں اس امر کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے کہ بعض خاص دوستوں یا اشخاص ( جن کا ذکر حضوڑ کے سوانح حیات میں کسی تعلق سے آتا ہے ) مختصر الفاظ میں تذکرہ کر دیا جائے تا کہ کچھ معلومات پڑھنے والے کو ہو جائیں ایسے تذکروں کے لئے میرے پروگرام تالیفات میں دوسرا مقام ہے لیکن میں نے اپنی عمر اور کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے مناسب سمجھا کہ مَالَا يُدْرَكُ كُلَّهُ لا يُترك كُله كو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ نہ کچھ لکھ دینا بہتر ہو گا۔اگر اللہ تعالیٰ نے مفصل تذکرہ احباب کی توفیق دی اور عمر نے وفا کی اور حالات مساعد ہوئے تو وہ بھی لکھا جا سکے گا انشاء اللہ العزیز۔ورنہ وہ تمنا اس مختصر سے تذکرے سے پوری ہو جائے گی۔ایسا ہی میں نے مناسب سمجھا کہ جہاں ضرورت ہو بعض امور کے متعلق ایک تاریخی یا مناسب حاشیہ بھی لکھ دوں جس سے ان کی اہمیت اور عظمت کا اندازہ ہو سکے آئندہ اس سلسلہ تالیف میں اسے مدنظر رکھنا چاہتا ہوں پہلے میرا خیال تھا کہ میں ایسے امور بطور ضمیمہ شامل کروں گا۔لیکن جب دیکھتا ہوں کہ متن بھی ابھی تک ختم نہیں ہوا تو محض امیدوں اور تمناوں پر وقت ضائع کرنا درست نہیں مجھے اپنی رفتار تیز کر دینی چاہئے۔سب توفیقیں اسی کے قبضہ قدرت میں ہیں جو تمام طاقتوں کا مالک ہے میں تو ایک ہمہ ضعف وجود ہوں۔اس لئے اسی سے توفیق چاہتا ہوں اور اسی پر بھروسہ کرتا ہوں اور احباب سے دعا کا طالب ہوں۔خاکسار عرفانی نزیل بمبئی سالار آفس ۱۳ مئی ۱۹۳۳ء