حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد اوّل) — Page 4
حیات احمد بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ ڈیڈیکیشن جلد اوّل حصہ اوّل نیاز مند ایڈیٹر سیرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام دلی ارادت و اخلاص کے ساتھ اس مجموعہ کو اپنے محسن و مخدوم حضرت اولوالعزم مرزا بشیر الدین محمود احمد ایدہ اللہ الاحد خلیفہ ثانی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نام نامی سے معنون کرنے کی عزت حاصل کرتا ہے۔اس لحاظ سے کہ حضرت جری اللہ فی حلل الانبیاء علیہ الصلوۃ والسلام کے آپ حقیقی جانشین اور خلیفہ صادق ہیں جس کی بشارت اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود کو آج سے ۲۷ سال پیشتر اپنی وحی والہام سے دی اور اللہ تعالیٰ نے آپ کے کاموں کے لحاظ سے آپ کا اولوالعزم نام رکھا اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو فِيْكَ مَادَّةٌ فَارُ وقِيَّة کہہ کر اور آپ کا نام فضل عمر رکھ کر ان عظیم الشان کارناموں کی بشارت دی جو آپ کی ذات سے اسلام اور اہل اسلام کی ترقی اور بہبودی کے لئے ظاہر ہونے والے ہیں۔اور اس حیثیت سے کہ آپ ہی نے سیرت مسیح موعود علیہ السلام کی تالیف واشاعت کی ضرورت کا سالانہ جلسہ پر اظہار فرمایا یہ مجموعہ حضور ہی کے نام سے منسوب ہونے کے قابل ہے۔اور پھر اس لحاظ سے کہ حسن و احسان میں خدا تعالیٰ کے موافق آپ میرے آقا و مولیٰ اور محدوح و مرشد کے نظیر ہیں۔میں آپ ہی کے نام نامی پر ہدیہ کرنا اپنی سعادت یقین کرتا ہوں۔مجھے اپنی کمزوری کم علمی اور نا قابلیت کا دلی اعتراف مگر حضور کی کریمانہ تو جہات اور چشم پوشی میرے لئے مسرت افزا ہے۔جو مجموعہ میں حضور کے نام نامی سے معنون کر رہا ہوں وہ اپنی ترتیب اور ادبی پہلو سے گو خصوصیت نہ رکھتا ہو اور اسقام رسمیہ سے مبرا نہ ہو مگر جس عظیم الشان شخصیت کے حالات کا امین ہونے کی عزت اسے حاصل ہے وہ كَمِثْلِكَ دُرِّ لَا يُضَاعُ کا مصداق ہے۔اس لئے میں اپنی کمزوری کو مد نظر رکھ کر دعا کی درخواست کرتے ہوئے عرض کرتا ہوں۔ہدیہء ما تنگدستان را بچشم کم مبیں از مروت برسر خوان تهی سر پوش باش نیاز مندازلی خاکسار یعقوب علی تراب احمدی ایڈیٹر الحکم و مرتب تفسیر القرآن و سیرت مسیح موعود ۳۰ ستمبر ۱۹۱۵ء تراب منزل قادیان دارالامان