ہمارا خدا — Page 203
جو نام اپنے لئے پسند کیا ہے وہ اگناسٹک (Agnostic) ہے جس کے معنے نہ جانے والے کے ہیں۔یعنی انہوں نے اپنی پوزیشن صرف یہ رکھی ہے کہ ہمارے پاس خدا کے موجود ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور مثبت انکار کی پوزیشن کو ان لوگوں نے اختیار نہیں کیا۔الغرض دہریوں میں بہت زیادہ کثرت ان ہی لوگوں کی ہے جو یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ چونکہ خدا کے موجود ہونے کا کوئی ثبوت نہیں اس لئے ہم اس پر ایمان نہیں لاتے اور بس۔مگر اس جگہ ہمیں ان لوگوں کے عقائد کی تردید مقصود نہیں کیونکہ ان کے خیالات کی تردید میں تو در حقیقت یہ سارا مضمون ہی بھرا پڑا ہے اور ہر اثباتی دلیل کے ضمن میں ایسے لوگوں کے شبہات کا بھی ازالہ کیا جاتا رہا ہے اور دوسرے اثباتی دلائل جو اگلے حصہ مضمون کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں وہ انشاء اللہ اپنے وقت اور موقعہ پر آگے چل کر بیان کئے جائیں گے۔اسی طرح دوسری قسم کے دہریوں کے عقائد کی تردید بھی اوپر کی بحث میں خود بخود آگئی ہے اور باقی انشاء اللہ آگے آئے گی۔پس اس جگہ میرا مقصد صرف تیسری قسم کے لوگوں کے خیالات کی تردید ہے جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ بعض دلائل اور قرائن سے خدا کا نہ ہونا ثابت ہے اور ان لوگوں کے عقائد کی تردید میں بھی میں اس جگہ صرف ان باتوں کو بیان کرونگا جو گذشتہ مضمون میں کسی جگہ بیان نہیں ہوئیں کیونکہ بعض جگہ اوپر کے مضمون میں ان لوگوں کے عقائد کی تردید بھی ضمناً بیان کی جاچکی ہے اور اس جگہ اس کے اعادہ کی ضرورت نہیں صرف اشارہ کافی ہو گا۔سو جاننا چاہئے کہ اس قسم کے دہر یہ لوگ اپنے خیال کی تائید میں مندرجہ ذیل دلائل پیش کرتے ہیں : دہریت کی پہلی دلیل اور اُس کا رڈ پہلی دلیل جو یہ دہر یہ اپنے عقیدہ کی تائید میں پیش کرتے ہیں یہ ہے کہ اس کائنات کے متعلق امکانا دوہی صورتیں ہو سکتی ہیں۔ایک یہ کہ اسے کسی بالا ہستی نے پیدا 203