دلچسپ علمی واقعات و مشاہدات

by Other Authors

Page 109 of 115

دلچسپ علمی واقعات و مشاہدات — Page 109

109 ایک طالب حق ڈینش سیاح ربوہ میں خلافت رابعہ کے دوران ایک متلاشی حق ڈینش سیاح اور اُن کی لیڈی تحریک جدید کے قدیم گیسٹ ہاؤس میں فروکش تھیں۔وکالت تبشیر کے ایک پیغام پر میں ان کی ملاقات کے لیے گیا۔ترجمانی کے بہترین فرائض مرزا نصیر احمد صاحب شاہد مبلغ انگلستان نے انجام دیئے۔ابتدا میں تو انہوں نے اسلام میں عورت کے مقام (STATUS) کی بابت معلومات چاہیں جو میں نے اختصار کے ساتھ بیان کر دیں۔ازاں بعد دونوں میاں بیوی پردہ کی مخالفت میں ڈٹ گئے۔جس پر میں نے بائبل کی روشنی میں بتایا کہ پردہ ابراہیمی گھرانے میں قدیم سے رائج تھا۔اور اسلام کا احسان ہے کہ اس نے حضرت ابراہیم کے دین حنیف کو پھر سے زندہ کیا جو عفت و عصمت اور پارسائی کا زبردست حفاظتی قلعہ ہے۔میں نے برسبیل تذکرہ قرآن و انجیل کا موازنہ کرتے ہوئے عرض کیا کہ انجیل (متی باب ۵ ) میں یہاں تک لکھا ہے کہ اگر کوئی بری نظر سے کسی کو دیکھے تو اسے خود ہی نا پاک آنکھ پھوڑ دینا چاہیے۔اس کے مقابل قرآن مجید نے ایسی خوفناک سزا کو جائز نہیں رکھا بلکہ نہایت خوبصورت اور حکیمانہ طریق سے مرد و عورت دونوں پر غض بصر کا پردہ لازم کر دیا ہے اور صنف نازک کو یہ پر حکمت ہدایت فرمائی ہے وہ چہرے کو ڈھانپ کر رکھے تا کہ کوئی کمینہ فطرت اس کی عصمت پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔اس مرحلہ پر ڈینیش سیاح اور اُن کی لیڈی نے یہ دریافت کیا کہ کیا مسلم عورت سے کبھی پردہ کی پابندی اٹھائی بھی جاتی ہے؟ میں نے انہیں بتلایا کہ حج بیت اللہ کے دوران جب ہر ایک خدا کے عشق میں سرشار ہو کر اُس کے ذکر میں محود گداز ہوتا ہے خواتین کو بھی نقاب اوڑھنے کی اجازت نہیں اور دراصل اسلام تو ہر فرد کو سلوک کی اس آخری منزل تک پہنچانا چاہتا ہے کہ ساری دنیا میدان عرفات کی طرح تقومی اور عرفانِ الہی کا مرکز بن جائے اور اس معاملہ میں اسلام نے مرد و عورت میں کوئی تمیز نہیں روا رکھی۔بلکہ دونوں میں مسابقت کی سپرٹ پیدا کرنے میں کوئی دقیقہ نہیں چھوڑا۔اس کے لیے حوا کی بیٹیوں کا چراغ مے خانہ بنتا ہر گز گوارا نہیں اور نہ قابل برداشت ہے۔کیونکہ وہ اسے شمع خانہ یقین کر کے عالمگیر عائلی نظام کو اخلاق و روحانیت کے زیور سے مرصع کرنے کے لیے اٹھا ہے اور یہ ہمارے نبی اور نبیوں کے شہنشاہ محمد مصطفی ﷺ کا طبقہ نسواں پر عظیم الشان احسان ہے بھیج درود اُس محسن پر تو دن میں دن میں سو سو بار پاک محمد مصطفی نبیوں کا سردار