دینی نصاب

by Other Authors

Page 138 of 377

دینی نصاب — Page 138

کر چکے ہیں کہ حضرت مسیح ناصری زندہ بجسم عنصری آسمان پر نہیں گئے بلکہ زمین پر ہی رہے اور زمین پر ہی فوت ہو گئے اور یہ کہ وہ مسیح جس کی آمد کا وعدہ دیا گیا تھا وہ اسی امت مرحومہ میں سے ہے۔یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خادموں میں سے ایک خادم ہے اور کوئی بیرونی فرد نہیں ہے۔دوسرے ہم یہ ثابت کر چکے ہیں کہ مسیح موعود کے زمانہ میں کوئی الگ مہدی موعود نہیں ہوگا بلکہ مسیح اور مہدی ایک ہی ہیں۔صرف دو مختلف حیثیتوں سے دو مختلف نام دیئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں یہ بات بھی ہم نے بخوبی ثابت کر دی ہے کہ یہ ایک باطل خیال ہے کہ مہدی موعود کافروں سے تلوار کی جنگ کریگا اور دنیا میں بلا وجہ خون کی نہریں بہائے گا۔بلکہ حق یہ ہے کہ اُس کی تلوار براہین کی تلوار ہوگی اور اس کا حربہ روحانی حربہ ہوگا اور وہ امن کے ساتھ کام کریگا اور دلائل کے زور سے اسلام کو غلبہ دیگا۔ان امور کے طے کرنے کے بعد اب ہم اصل بحث کو لیتے ہیں اور وہ یہ کہ حضرت مرزا صاحب علیہ السلام کا جو یہ دعوی ہے کہ میں مسیح موعود اور مہدی معہود ہوں یہ دعوی کہاں تک صحیح اور درست ثابت ہوتا ہے۔وَمَا تَوْفِيقِي إِلَّا بِاللهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيمِ - 138