دیباچہ تفسیر القرآن

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 466 of 526

دیباچہ تفسیر القرآن — Page 466

لطیف فرق ہے مثلاً پیدائش کے متعلق اللہ تعالیٰ کی کئی صفات بیان ہوئی ہیں۔جیسے خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ۔البدیع۔الفاطر۔الخالق۔اَلْباَ رِیْ۔المعید۔المصوّرُ۔الربّ۔یہ صفات بظاہر ملتی جلتی نظر آتی ہیں لیکن درحقیقت یہ مختلف ممتاز معنوں پر دلالت کرتی ہیں۔خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ سے اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ روح اور مادہ کا بھی پیدا کرنے والا ہے کیونکہ بعض قومیں خدا تعالیٰ کو صرف جوڑنے جاڑنے کا موجب سمجھتی ہیں۔بسیط مادے کا خالق نہیں سمجھتیں۔ان کا خیال ہے کہ مادہ اور روح بھی خد اتعالیٰ کی طرح ازلی اور انادی ہیں۔اگر خالی لفظ خالق ہوتا تو لوگ یہ کہہ سکتے تھے کہ ہم بھی خدا تعالیٰ کو خالق مانتے ہیں مگر ہمارے نزدیک خالق کے یہ معنی ہیں کہ وہ ان چیزوں کو جوڑ جاڑ کر ایک نئی شکل دے دیتا ہے۔ان لوگوں کو اس تاویل کی وجہ سے قرآن کریم کا حقیقی منشاء واضح اور روشن طور پر ثابت نہ ہو سکتا۔پس خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ کی صفت نے محض خلق کی صفت سے ایک زائد مضمون بیان کیا ہے۔بدیع کا مفہوم یہ ہے کہ نظام عالم کا ڈیزائن اور نقشہ خدا تعالیٰ نے بنایا ہے۔گویا یہ اتفاقی نہیں یا موجودات میں سے کسی کی نقل نہیں۔فَطَر کے معنی ہوتے ہیں کسی چیز کو پھاڑ کر اس میں سے مادہ کو نکالنا۔پس فاطر کی صفت سے اس طرف اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو مادہ پیدا کیا اس کے اندر اس نے مخفی ارتقاء کی طاقتیں رکھیں اورا پنے وقت پر وہ پردے جو اُن طاقتوں کو دبائے ہوئے تھے اُن کو اس نے پھاڑ دیا۔جیسے بیج کے اندر درخت یا پودا بننے کی خاصیت ہوتی ہے مگر وہ ایک خاص حالات کا منتظر رہتا ہے، اس وقت اور اس موسم میں وہ اپنے آپ کو ظاہر کرتا ہے غرض فاطرکے لفظ نے بتا دیا کہ خدا تعالیٰ نے سب کچھ یکدم نہیں کر دیا بلکہ دنیا کو ایک قانون کے مطابق پیدا کیا ہے۔ہر ایک درجہ کے متعلق ایک قانون کام کر رہا ہے ایک اندرونی تیاری دنیا میں ہوتی رہتی ہے اور ایک خاص وقت پر جا کر بعض مخفی طاقتیں اپنے آپ کو ظاہر کر دیتی ہیں اور ایک نئی چیز بننے لگ جاتی ہے۔خالق کے معنی وہ بھی ہیں جو خَالِقُ کُلِّ شَیْئٍ میں بیان ہو چکے ہیں۔لیکن ان کے علاوہ ایک اور معنی بھی خالق کے ہیں،اور وہ تجویز کرنے والے کے ہیں۔پس خالق کے معنی یہ ہیں کہ مختلف چیزوں کو اپنی اپنی جگہ پر رکھنا۔یہ بھی خدا تعالیٰ کا ہی کام ہے۔اس دنیا کو ایک خاص نظام کے ماتحت خدا تعالیٰ نے رکھا ہے اور اس پر خالق کا لفظ دلالت