بنیادی مسائل کے جوابات

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 457 of 684

بنیادی مسائل کے جوابات — Page 457

یعنی لوط کی قوم نے بھی رسولوں کا انکار کیا۔جبکہ ان کے بھائی لوط نے کہا کہ کیا تم تقویٰ اختیار نہیں کرتے۔میں تمہاری طرف ایک امانت دار پیغامبر بنا کر بھیجا گیا ہوں۔پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔اور میں اس (کام) کے بدلہ میں تم سے کوئی اجرت نہیں مانگتا۔میرا اجر تو صرف رب العالمین کے ذمہ ہے۔کیا تمام مخلوقات میں سے تم نے نروں کو اپنے لئے چنا ہے۔اور تم ان کو چھوڑتے ہو جن کو تمہارے رب نے تمہاری بیویوں کی حیثیت سے پیدا کیا ہے (صرف یہی نہیں کہ تم ایسا فعل کرتے ہو) بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ) تم ( انسانی فطرت کے) تقاضوں کو ہر طرح توڑنے والی قوم ہو۔انہوں نے کہا، اے لوط ! اگر تو باز نہ آیا تو تو ملک بدر کئے جانے والوں میں شامل ہو جائے گا۔(لوط نے ) کہا (بہر حال) میں تمہارے عمل کو نفرت سے دیکھتا ہوں۔اے میرے رب! مجھے اور میرے اہل کو ان کے اعمال سے نجات دے۔پس ہم نے اس کو اور اس کے اہل کو سب ہی کو نجات دی۔سوائے ایک بڑھیا کے جو پیچھے رہنے والوں میں شامل ہو گئی۔پھر (لوط کو نجات دینے کے بعد سب دوسروں کو ہم نے ہلاک کر دیا۔اور ہم نے ان پر (پتھروں کی) بارش برسائی۔اور جن کو (خدا کی طرف سے ) ہوشیار کر دیا جاتا ہے (لیکن پھر بھی باز نہیں آتے) ان پر برسائی جانے والی بارش بہت بری ہوتی ہے۔علاوہ ازیں سورۃ الاعراف سورة التوبه ، سورة هود، سورة النمل، سورۃ العنکبوت، سورۃ ق اور سورۃ القمر میں بھی اس قوم کے گناہوں اور ان پر نازل ہونے والے خدائی عذاب کا ذکر آیا ہے۔پس ان تمام قرآنی آیات کے مطالعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ اس قوم کو ان کے گناہوں کی پاداش میں زلزلہ اور مٹی و پتھروں کی طوفانی بارش کے ذریعہ ہلاک کیا گیا۔آگ سے نہیں جلایا گیا تھا۔(قسط نمبر 35، الفضل انٹر نیشنل 03 جون 2022ء صفحہ 10) 457