بنیادی مسائل کے جوابات

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 310 of 684

بنیادی مسائل کے جوابات — Page 310

رمضان المبارک کے آخری عشرہ اور ذوالحجہ کے پہلے عشرہ کی فضیلت سوال: ڈنمارک سے ایک مرتبی صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں تحریر کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ اور ذوالحجہ کے پہلے عشرہ میں سے کس کی فضیلت زیادہ ہے؟ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے مکتوب مؤرخہ 25 اگست 2021ء میں اس سوال کا درج ذیل جواب عطا فرمایا: جواب: قرآن کریم اور احادیث نبویہ الم میں ان دونوں مہینوں کی فضیلت کا کوئی باہمی تقابلی جائزہ تو بیان نہیں ہوا۔بلکہ دونوں مہینوں اور ان میں ہونے والی عبادات کے کثرت سے فضائل و برکات بیان ہوئے ہیں۔یہ فضائل عمومی رنگ میں بھی بیان ہوئے ہیں اور بعض اوقات حضور لم نے کسی سوال پوچھنے والے کے حالات کے پیش نظر اور بعض اوقات موقعہ محل کے لحاظ سے بھی انہیں بیان فرمایا ہے۔قرآن کریم اور حدیث میں بیان ہونے والی ان فضیلتوں کی بناء پر بعض اعتبار سے رمضان المبارک کا آخری عشرہ اور اس میں کی جانے والی عبادتیں اور اس میں نازل ہونے والے احکام بظاہر زیادہ افضل قرار پاتے ہیں اور بعض لحاظ سے ذوالحجہ کا پہلا عشرہ اور اس کی عبادات بظاہر زیادہ افضل ٹھہرتے ہیں۔چنانچہ حضور لم نے ایک موقعہ پر فرمایا: سَيِّدُ الشُّهُورِ شَهْرُ رَمَضَانَ وَأَعْظَمُهَا حُرْمَةً ذُو الْحِجَّةِ (شعب الايمان للبيهقي، فصل تخصيص ايام العشر من ذي الحجة، حديث نمبر 3597) یعنی تمام مہینوں کا سردار رمضان کا مہینہ ہے اور ان میں سے حرمت کے اعتبار سے سب سے عظیم ذوالحجہ کا مہینہ ہے۔( قسط نمبر 42، الفضل انٹر نیشنل 4 نومبر 2022ء صفحہ 10) 310