ایک عزیز کے نام خط — Page 32
خواص اور استعداد میں اور طاقتیں رکھیں۔ماں کی چھاتیوں میں دودھ پیدا کیا۔پھر خود ہمیں ہر قسم کے قومی عطا فرمائے۔بینائی دی۔شنوائی دی۔گویائی دی۔سونگھنے کی طاقت دی۔ذائقہ دیا۔چھونے کی حس عطا کی ، دماغ اور فہم دیا۔ہاتھ پاؤں دیئے۔غرض قسم قسم کی طاقتیں عطا فرمائیں۔ہوا پیدا کی۔پانی پیدا کیا۔اناج پیدا کیا۔جانور پیدا کئے جو خوراک کے بھی کام آئیں اور جن سے ہم سواری وغیرہ کا کام بھی لے سکیں۔غرض لا انتہا خزانے پہلے سے ہی ہماری ترقی کے سامانوں کے مہیا فرما دئیے۔رحیم پھر اس کی ایک صفت یہ ہے کہ وہ رحیم ہے۔یعنی ہمارے اچھے اعمال کا ہمیں بہتر سے بہتر بدلہ بصورت عمدہ نتائج کے دیتا ہے اور تھوڑے تھوڑے اور محدود اعمال کا وسیع سے وسیع اور لامحدود بدلہ عطا فرماتا ہے۔مالک یوم الدین پھر اُس کی ایک صفت یہ ہے کہ وہ مالک یوم الدین ہے۔یعنی وہ اعمال کی جزا اور سزا کے وقت کا مالک ہے۔جرم پر چاہے تو مناسب سزا دے اور چاہے تو بخش دے اور اعمال حسنہ کا جس قدر بڑھ کر چاہے بدلہ دے۔وہ پابند نہیں کہ جرم کی ضرور سزا دے یا پوری سزا دے۔اور پابند نہیں کہ نیک اعمال کا صرف برابر کا ہی بدلہ دے، جتنے گنا چاہے بدلہ دے۔32