ایک عزیز کے نام خط

by Sir Muhammad Zafrulla Khan

Page 130 of 144

ایک عزیز کے نام خط — Page 130

کے پڑوسی کے ساتھ اور اپنے شرکاء کار کے ساتھ اور مسافروں کے ساتھ اور غلاموں کے ساتھ۔اور پھر جانوروں کے ساتھ عمدہ برتا ؤ اور ان پر رحم کرنے سے متعلق بھی ہدایات ہیں۔عام تمد فی آداب پھر اسلام نے آداب طعام بیان فرمائے ہیں اور مجالس سے متعلق قواعد بیان فرمائے ہیں اور ہر قسم کے تمدنی اور معاشرتی اخلاق اور قواعد کی تشریح بیان کی ہے اور مومن کو اخلاق اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی ہدایت دی ہے۔مثلاً یہاں تک تفصیل ہے کہ مجالس میں پیچھے آنیوالوں کے لئے جگہ کر دیا کرو، صدر کی اجازت کے بغیر مجلس سے اٹھ کر نہ جاؤ۔اور وقار کا یہاں تک لحاظ رکھا ہے کہ رسول اللہ صلے اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بازاروں میں کھڑے ہو کر نہ کھاؤ پیو اور یہ کہ ایک پاؤں میں جوتا پہن کر مت چلو۔یعنی یا تو دونوں پاؤں میں جوتا ہو یا دونوں ننگے ہوں۔پھر رستوں کی صفائی اور رستوں سے باعث آزار اشیاء کوڈ ورکرنے کی ہدایت کی ہے۔پھر تاجروں کے لئے مختلف قسم کی ہدایات ہیں جن سے مقصد یہ ہے کہ ہر شخص کو اپنا پورا حق ملے اور کسی قسم کا دھو کہ یا فریب نہ ہو۔محض خریدار ہوشیار باش پر اکتفا نہیں کی بلکہ بیچنے والے کا فرض مقرر کیا ہے کہ وہ اپنی اشیاء کی اصل حقیقت بیان کر دے اور کسی قسم کا دھوکہ نہ ہو۔انجمنوں اور سوسائٹیوں سے متعلق فرمایا ہے کہ تین اغراض کے لئے قائم ہوں۔اوّل جن کی غرض غرباء اور مساکین کی مدد ہو۔دوم جن کی غرض علوم وفنون کی ترقی اور علمی تحقیق کی ترویج ہو۔سوم جو بنی نوع انسان کے درمیان صلح اور اتحاد کو پھیلانے کی غرض سے ہوں خواہ قومی حلقہ کے اندر خواہ بین الاقوامی حلقوں میں۔غرض ایسے ایسے پاکیزہ اصول بیان کئے ہیں جن پر عمل کرنے سے یہ زندگی سچ سچ بہشت بن جاتی ہے چاہیے کہ تم ان سب کا تفصیلاً مطالعہ کرو۔اور ان پر کار بند ہوتے جاؤ۔130