انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 178 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 178

۱۷۸ کرکے دوسروں کو فائدہ پہنچایا گیا ہو۔(۴) بعض کہتے ہیں کہ اخلاق حسنہ وہ افعال ہیں جو عقل کی روشنی اور اس کے انتظام کے ماتحت ذاتی نفع کی غرض سے ایثار کے طور پر کئے جائیں۔(۵) مسلمان صوفی کہتے ہیں جو افعال عقل اور شریعت کے ماتحت کئے جائیں وہ اخلاق حسنہ ہوتے ہیں۔امام غزالیؔ نے اخلاق حسنہ کی یہی تعریف کی ہے لیکن یہ تعریف میرے نزدیک کچھ اصلاح کی محتاج ہے، اور وہ اصلاح یہ ہے کہ وہ افعال عقل اور شریعت کے مطابق بھی ہوں اور ساتھ ہی یہ بات بھی پائی جائے کہ ان کا مرتکب اپنی مرضی، ارادہ اور مقدرت سے ان افعال کو کرے۔اگر یہ شرط نہیں پائی جاتی تو وہ اخلاق حسنہ نہیں کہلا سکتے۔مثلاً اگر کوئی شخص نیم خوابی کی حالت میں کسی کو ایک روپیہ دے دے اور جاگتے ہوئے صدقہ و خیرات سے پرہیز کرے تو اس کا نیم خوابی میں صدقہ کرنا اچھا خُلق نہیں کہلائیگا۔کیونکہ اس کا یہ فعل ارادہ کے ماتحت نہیں ہوگا۔پس وہ افعال اخلاق حسنہ ہوتے ہیں جو شریعت اور عقل کے ماتحت ارادہ سے کئے جائیں۔پھر ایک یہ شرط بھی ہے کہ وہ اعمال خدا تعالیٰ کی صفات کے مطابق ہوں خلاف نہ ہوں۔یہی تعریف صحیح ہے۔کیونکہ خوبی وہی ہو سکتی ہے جو نقص اور غلطی سے پاک ہو۔اورکوئی شئے ہماری عقل کے پاک کہنے سے پاک نہیں ہو سکتی۔بلکہ خدا تعالیٰ کی صفات کی شہادت سے جو چیز پاک ہے وہی حقیقی طور پر پاک ہو سکتی ہے۔اور خوبی کہلانے کی مستحق ہے۔کیونکہ صرف خدا تعالیٰ کی ذات ہی کامل طور پر بے عیب ہے۔اب مَیں اخلاق کے منبع کو بیان کرتا ہوں کہ اخلاق کہاں سے پیدا ہوتے ہیں مختلف لوگوں نے مختلف سر چشمے بتائے ہیں۔بعض کہتے ہیں اخلاق کا منبع قوتِ فکریہ یعنے عقل، غضب اور شہوت ہیں عقل کام کرتی ہے جیسے سوار کام کرتا ہے۔اور غضب و شہوت دو گھوڑے ہیں۔عقل کا سوار جب ان دو گھوڑوں کو درست چلاتا ہے تو خلق پیدا ہوتا ہے۔اور اگر سوار غلطی کرے تو بد خُلقی پیدا ہوتی ہے۔محی الدین ابن عربی اس قوتِ فکر کا نام نفسِ ناطقہ رکھتے ہیں۔ان کا دعویٰ ہے کہ تمام اخلاق ان تینوں مادوں کے ملنے سے پیدا ہوتے ہی۔یعنی عقل اور شہوت کے ملنے سے۔یا عقل اور غصہ کے ملنے سے یا تینوں کے ایک جگہ جمع ہو جانے سے وہ عقل کو مرد قرار دیتے ہیں اور شہوت اور غصہ کو دو بیویاں۔جس طرح مرد کے عورت کے ساتھ ملنے سے بچہ پیدا ہوتا ہے اسی طرح کہتے ہیں عقل کے قوتِ غضبیہ یا قوتِ شہوت کے ساتھ ملنے سے