انوارالعلوم (جلد 9) — Page 120
۱۲۰ وعدے کی وجہ سے وہ جداگانہ حقِ نیابتی کو اُڑا نہیں سکتے مگردل میں سب سمجھتے ہیں کہ یہ ناجائز ہے اور اب جو ملازمتوں کا سوال اٹھا ہے اس کے بارہ میں تو وہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کا ظلم اور دیوانگی ہے۔پس ضروری ہے کہ مسلمانوں کے مطالبات کو ایسی زبان میں اور واقعات کی روشنی میں گورنمنٹ اور اہل انگلستان کے سامنے رکھا جائے کہ وہ سمجھ سکیں کہ ہمارے مطالبات گو اصولاً درست نہ ہوں مگروقتی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اشد ضروری ہیں اور ان کو اس وقت تک نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ حالات تبدیل نہ ہو جائیں۔غرض چو نکہ انڈین گورنمنٹ ہمارے سامنے جوابدہ نہیں مگر انگلستان میں جو ابدہ ہے اس لئے گورنمنٹ کے سامنے اپنی ضروریات کو مدلل پیش کرنے کے علاوہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انگلستان کی عام رائے میں بھی تبدیلی پیدا کریں۔غیر تو غیر میں نے دیکھا ہے انگلستان میں جو مسلمان طلباء پڑھتے ہیں وہ بھی اپنے ملک سے دور ہونے کے سبب سے اور ہندوستان کے واقعات سے ناواقفیت کے سبب سے جداگانہ نیابت اور حقوق ملازمت کے مطالبات کو لغو اور ملک کے حق میں مضر خیال کرتے ہیں۔جب ہمارے اپنے بچوں کا یہ حال ہے تو ہم دوسروں سے کیا امید رکھ سکتے ہیں۔مسئلہ تعلیم و تجارت آخری مسلہ تعلیم و تجارت و صنعت و حرفت کی ترقی کا مسئلہ ہے تعلیم کے متعلق تومیں صرف اسقدر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں تعلیم میں اس امر کو مد نظر رکھنا چاہئے کہ بچوں میں قومی روح پھونکی جائے۔موجو دہ حالت یہ ہے کہ مسلمان نوجوانوں کے سامنے کوئی خوش کن ماضی نہیں ہے۔جس کی وجہ سے شاندار مستقبل کی امید ان کے دلوں میں پیدا ہو سکے ہمارے سب بادشاہوں، سب بزرگوں کی ایسی بھیانک شکل ہمارے سامنے پیش کی گئی ہے کہ تعصباً اگر ہم ان کو اچھا کہیں تو اور بات ہے ورنہ دل ان کے اندر کوئی خوبی نہیں دیکھتے۔مجھے تعجب آتا ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ ادبی رسالوں میں خود مسلمان مصنف مسلمان بادشاہوں کی نیتوں پر حملہ کرتے ہیں۔حالانکہ نیت سے کون واقف ہو سکتا ہے نیت پر حملہ ہمیشہ دشمن کرتا ہے۔کیونکہ وہ ایک ظاہری جائز بات کو بری کر کے دکھا نہیں سکتا جب تک نیت پر حملہ نہ کرے اور جب ایک تعلیم یافتہ مسلمان یہی فعل کرتا ہے تو سمجھ لینا چاہئے کہ اس کی قومی حس مر گئی ہے اور وہ اچھے اور برے اخلاق میں تمیز نہیں کر سکتا اور یہ نتیجہ اس غلط تعلیم کا ہے جو اس کو دی گئی ہے۔پس تعلیم کا یہ پہلو خاص توجہ کا مستحق ہے۔