انوارالعلوم (جلد 6) — Page 491
اے مسلمانواور مسلمانوں کی اولادو! اپنے دل کی سختی کو ترک کرو اور خدا کے لئے حلیمی اختیار کرو اور دین کے نام سے تلوار چلا کر خوش نہ ہو کہ اس طرح تم خدا کے پیارے نہیں بلکہ اس کی نظروں میں ناپسندیدہ ٹھہرتے ہو کیونکہ تم اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے اورپنے لئے لُوٹ حاصل کرنے کے لئے خدا اور رسولؐاور اس کی کتاب اور اس کے دین کو بدنام کرتے ہو اوراپنے پیٹ پالنے کے لئے لوگوں کےگلے کاٹتے ہو اور خدا تعالیٰ کو تو بدنام کرتے ہو مگر اپنے لئے عزت چاہتے ہو کیا خدا کا کام اپنی عزت کےلئے ڈاکے اور قتل کا محتاج ہے؟ بندہ کا اچھا کلام بھی جب اپنی خوبی منوانے کے لئےظلم اور تعدی کا محتاج نہیں ہوتا توپھر خدا کا کلام اس کا محتاج کیوں ہونے لگا؟اے سنگدلو ! جس چیز کو تم جہاد سمجھتے ہو اور دین کی جنگ قرار دیے ہو وہ لُوٹ اور ڈاکے سے زیادہ وقعت نہیں رکھتا اور اس کے ساتھ تم نے دین کی مدد نہیں کہ بلکہ ہر شریف اور نیک انسان کو سچّے مذہب سے بدظن کردیا ہےاوراب تم ہر ایک اس شخص کے گناہ کےذمہ وار ہو جس کو اس طرح تم نے اسلام سے پھرا دیا ہے۔اے علماء کے گروہ !تمہارے لئے اس قدر بس تھا کہ خدا تم سے خوش ہوجاتا بلکہ یہ سب سے بڑی بات تھی اور اس کے سوا کوئی اور پسندیدہ بات نہ تھی مگر تم نے دنیا کی خوشی کو اپنا مقصد قرار دیدیا ہے اور لوگوں کے مونہوں کی طرف دیکھتے ہو اوران کی آواز وں کی طرف کان رکھتے ہو مگر خدا کی رضا کی پرواہ نہیں کرتے اور اس کی آواز پر کان نہیں دھرتے تم جس بات کے پیچھے پڑے تم نے وہ حاصل کرلی لیکن تم دنیا کی رضا چاہ کر خدا کی رضا حاصل نہیں کرسکتے وہ تم سے اپنا حق چاہے گا اوراپنے مطالبہ کو تم سے پورا کرے گا۔اے لوگو! تم مال و دولت جمع کرکے سُکھ نہیں پاسکتے بلکہ ہر ایک جو خدا کی غریب اور نادر مخلوق کی خبر گیری کرتا ہے وہی سُکھ پائے گا اور جو عاجزوں کی مدد کرتا ہے خداوند کی طرف سے مدد دیا جائیگا اور جو کمزوروں کا خیال رکھتا ہے آسمان پر اس کا خیال رکھا جائے گا اور جب وہ سو رہا ہوگا خدا اس کے لئے جاگے گا اور جب وہ غافل ہوگا خدا اس کے لئے ہوشیار ہوگا۔اورجب وہ اپنے دشمن سے بے خبر ہوگا خدا تعالیٰ اس کی طرف سے اس کے دشمن کا مقابلہ کرےگا کیونکہ اس نے اپنے محدود ذرائع کے ساتھ خدا کے غریب بندوں کی مدد کی اوران کی ہلاکت سے بچایا۔پس خدا کی غیرت کب برداشت کرے گی کہ وہ غیر محدود خزانہ رکھتے ہوئے اس سے بُخل کرے اور اپنے خزانوں کو اس سے روک لے؟