انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 483 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 483

کرتے رہے اور جو اپنے وقت پر پوری ہوتی رہی ہیں تو اس زمانہ کے فرستادہ اور رسول کی صداقت بھی اس ذریعہ سے پرکھی جاسکتی ہے اور چونکہ نبیوں کےذریعہ سے دو قسم کے نشان ظاہر ہوتے ہیں ایک تو ان کی ذندگی اور تعلیم ہی نشان ہوتی ہے دوسرے وہ نشان ہوتے ہیں جو دوسروں کی ذات میں ظاہر ہوتے ہیں اس لئے میں دونوں قسم کے نشان بیان کرتا ہوں اور پہلے آپ ؑکی معجزانہ زندگی اور آپ ؑکی تعلیم اور آپؑ کے کام کو بیان کرتا ہوں۔اے شہزادہ باوقار!اللہ تعالیٰ آپ کے سینہ کو حق کی قبولیت کیلئے دل دے!اس زمانہ کے ما ٔمور اور مُرسل قادیان ضلع گورداسپور صوبہ پنجاب کے رہنے والے تھے اور اسی جگہ آپؑپیدا ہوئے تھے اورآپؑکا نام آپ کے ماں باپ نے غلام احمد (علیہ الصلوٰۃ والسلام) رکھا تھا۔وہ ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے تھے جو حضرت مسیحؑ کے خاندان کی طرح بڑے بڑے خاندانوں سے ملتا تھا اور مغلوں اور فارسیوں کے شاہی خاندانوں کی نسل سے تھا اور ہندوستان میں صرف چند پُشتوں سے آکر بسا تھا مگر حضرت مسیحؑکے خاندان کی طرف اس کی حالت اس وقت اسقدر غربت کی تھی کہ اپنی پہلی شان و شوکت کو وہ بہت کچھ کھوچکا تھا۔آپ کے دادا سکھوں کی طوائف الملوکی کے زمانہ میں ایک سکھ قبیلہ سے جنگ کرتے ہوئے اپنی ریاست کو کھو بیٹھے تھے۔گو مہاراجہ رنجیت سنگھ نے ان کی جائداد میں سے پچاس گائوں و اگزار کرکے اوراپنی فوج میں اعلیٰ عہدہ دیکر ان کے والد کو پھر دنیاوی لحاظ سے آسودہ حال بنا دیا تھا مگر خدا تعالیٰ چاہتا تھا کہ اس خاندان سے کچھ اور کام لے۔پس اس نےسکھ حکومت کو تباہ کرکے برطانیہ کی حکومت کو پنجاب میں قائم کردیا اور اس کی آمد کیساتھ ہی اس ریاست کا بھی خاتمہ ہوگیا جو اس خاندان کو سینکڑوں سال سے حاصل تھی۔برٹش گورنمنٹ کے نمائندوں نے پڑے مرافعوں کے بعد صرف ایک گاؤں کی ملکیت اورتین گاؤں کی تعلقہ داری آپ کے والد کے لئے منظور کی اور باقی سب جائداد ضبط کی گئی مگر اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ وہ جس خاندان کو دین میں عزت دینا چاہتا ہے اس کو وفاداری کے مقام پر کھڑا کردیتا ہے باوجود اس کے کہ آپؑکے والد کو برٹش گورنمنٹ سے سخت نقصان پہنچا تھا آپ ہمیشہ اس کے وفادار اورجان نثار رہے اور تنگی اور تُرشی میں اسی طرح اس کا ساتھ دیا جس طرح کہ سکھ گورنمنٹ کا ساتھ دیا تھا۔اور غدر کے موقع پر جبکہ عام طور پر ملک میں برطانوی حکومت کے خلاف جو ش پیدا ہوگیا تھا اور خصوصاً پرانے خاندانوں میں آپ نے اپنی طاقت سے زیادہ گورنمنٹ کی مدد کی اور پچاس سوار پیش کئے اور آپ کے بڑے بیٹے بانی سلسلہ کے بڑے بھائی جزل نکلسن کے ساتھ خود جنگ میں شریک ہوئے اوت تِرموں گھاٹ پر باغیوں کے