انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 24 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 24

ہے ،وہ دن بدن شکست کھارہے ہیں؟ اس کا کیا جواب دیاجائیگا۔مخالف کہہ سکتا ہے کہ ہم مانتے ہیں کہ مسلمانوں کو ترقی ملی اور یہ بھی مانتے ہیں کہ اسلام نے یورپ میںبرطانیہ کے کناروں تک اپنا اثر پہنچایا۔چنانچہ بعض آثار معلوم ہوئے ہیں۔جن سے پتہ لگتا ہے کہ برطانیہ کے ساحل تک اسلام پہنچ گیا تھا۔اور ادھر چین تک اس کا اثر تھا۔غرض جتنی دُنیا اس وقت مہذب کہلا سکتی تھی اور معلوم تھی ،اس مام پر اسلام کا اثر تھا،مگر یہ اسلام کی ترقی اسلام کی صداقت کی دلیل نہیں ہوسکتی۔کیونکہ مسلمانوں نے جب ترقی پالی تب اس کو پیشگوئی بنا لیا۔ورنہ کیا وجہہے کہ اب مسلمان اس وقت سے بہت زیادہ ہوتے ہوئے زلیل سے زلیل تر ہوئے جارہے ہیں۔آپ صاحبان غور کریں اس کا کیا ہم جواب دے سکتے ہیں۔دیکھو ایک وقت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردم شماری کرائی۔تو مسلمانوں کی تعداد سات سو معلوم ہوئی۔اس وقت مسلمانوں نے عرض کیا یا رسول اللہ کیا آپ کو یہ خیال ہے کہ ہم ہلاک ہوجائیں گے اور دُنیا ہمیں پامال کردیگی حالانکہ اب تو ہم سات سو ہیں۔یا تو یہ حال تھا یا اب یہ حال ہے کہ مسلمانوں کی تعداد کروڑ ہا ہے مگر وہ ہر طرف شکست پر شکست اور ذلّت پر ذلّت اُٹھا رہے ہیں اوران کے دل اس طرح کانپ رہے ہیں جس طرح پتّہ ہوا میں اڑتا ہے۔اس اعتراض کا جواب مخالفوں کے اس اعتراض کے دو جواب ہوسکتے ہیں۔یا تو ان کے اعتراض کو دُرست مان لیا جائے اور کہدیا جائے کہ نعوذ باللہ یہ قرآن کا دعویٰ باطل ہے اور یہ مسلمانوں نے واقع میں بعد میں ملا لیا۔یا مسلمانوں کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ مسلمان جُھوٹے ہیں۔گویا یا تو مسلمان خدا تعالیٰ کو نعوذ باللہ جُھوٹا بنائیں۔یا خود جُھوٹے بنیں۔ان دو صورتوں میں سے تیسری کوئی صورت نہیں۔مگر ہم خدا تعالیٰ کو جھوٹا بنانے کی بجائے مان لیں گے کہ مسلمان ہی مسلمان نہیں رہے۔اگر مسلمانوں کی حالت ٹھیک ہوتی تو وہ بلند کئے جاتے اور عزت کے مقام ان کو مرحمت ہوتے۔مگر اب مسلمانوں کو جس حالت میں دیکھتے ہیں دُنیا سے کمتر دیکھتے ہیں۔دولت اور زمینداری ان کے پاس نہیں۔اتفاق وا تحاد ان کے پاس نہیں۔انتظام ان میں نہیں۔تعلیم اور تعلّم ان میں نہیں ظاہری تعلیم کیلئے جس قدر اچھے کالج ہندوستان میں ہیں وہ سب ہندوئوں اور سکھوں کے ہیں اور مسلمانوں کے کالج بدترین حالت میں ہیں۔دیگر معاملات میں بھی ان کی حالت بہت خراب ہے۔پھر یہ کیا وجہ ہے۔کیا اسلام خدا کا سچّا مذہب نہیں۔یا کیا خدا بدل گیا اور پہلے خدا کی بجائے کوئی اور خدا آگیا یا اس کی طاقت میں کمی آگئی ہے۔نعوذ باللہ یا وہ اپنے وعدے بُھول گیا۔حقیقت یہ ہے