انوارالعلوم (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 296 of 752

انوارالعلوم (جلد 26) — Page 296

انوار العلوم جلد 26 296 ہے۔اس کتاب میں اسلام کی جو تعریف کی گئی ہے۔وہ آج تک کسی عیسائی مصنف نے نہیں کی۔ڈیڑھ روپیہ اس کی قیمت ہے۔اس کو شائع کرنے والا محکمہ چاہتا ہے کہ میں اس کے خریدنے کی سفارش کر دوں۔درحقیقت یہ کتاب ہمارے ہاں تو زیادہ مفید بھی نہیں۔کراچی، کویت، امریکہ اور یورپین ممالک میں مفید ہوسکتی ہے۔ان جگہوں پر جو دوست اسلام کی خدمت کرنا چاہیں وہ یہ کتاب خریدیں اور اس سے فائدہ اٹھائیں۔مغربی پاکستان میں صرف کراچی ہی ایسی جگہ ہے جہاں اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔کراچی سے کئی بار مجھے غیر احمدیوں نے لکھا ہے کہ ہمیں انگریزی لٹریچر دیں۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں بھی ایک طبقہ ایسا ہے جس کو انگریزی لٹریچر پڑھنے کی عادت ہے اور ان میں اس کتاب کی اشاعت کی جاسکتی ہے۔پس جن لوگوں کو یورپین اور انگریزی جاننے والے لوگوں میں اسلام کی تبلیغ کا شوق ہو وہ یہ کتاب خریدیں قیمت بھی زیادہ نہیں ہے۔در حقیقت ایسی چیزیں آہستہ آہستہ پکتی ہیں جلسہ سالانہ کے دنوں میں نہیں پکتیں۔جلسہ سالانہ کے موقع پر تو لوگوں کو تحریک ہی کی جاسکتی ہے اور اس تحریک کو زندہ رکھنا محکمہ کا کام ہوتا ہے۔یہ کتاب دیر سے چھپی ہوئی ہے چاہیے تھا کہ محکمہ اس کے متعلق لوگوں کو بار بار تحریک کرتا رہتا۔ایک مداری اگر بندر کے تماشا کے لئے ڈگڈی بجا کر لوگوں کو اکٹھا کر لیتا ہے تو آپ لوگ اسلام کی ایک کتاب بیچنے کے لئے لوگوں کو کیوں آمادہ نہیں کر سکتے۔اگر آپ لوگ اس کا ڈھنڈورا پیٹتے تو ہزاروں مسلمان تھے جو اُچھل کر آگے آ جاتے اور کہتے عیسائیوں کو مسلمان بنانے کا ایک حربہ ہمارے ہاتھ آ گیا ہے۔آج ہی آپ لوگوں نے مسٹر بشیر احمد آرچرڈ کا لیکچر سنا ہے انہوں نے بتایا ہے کہ عیسائیوں میں ان کی تبلیغ کس طرح کامیاب ہو رہی ہے اور جزائر شرق الہند میں احمدیت کی طرف توجہ کی جارہی ہے۔بہر حال یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے جو اس نے ہم پر کیا ہے۔اور یہ بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی ہی ایک برکت ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا تھا۔آ رہا ہے اس طرف احرار یورپ کا مزاج نبض پھر چلنے لگی مُردوں کی ناگہ زندہ وار 6