انوارالعلوم (جلد 22)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 635 of 715

انوارالعلوم (جلد 22) — Page 635

انوار العلوم جلد ۲۲ ۶۳۵ اتحاد المسلمین سب سے پہلے ہمیں اختلافات کو دیکھنا پڑے گا جن کی وجہ سے انسان مختلف کہلا تا ہے اور اگر ہم گلی طور پر اتحاد کر لیں تو ہمیں یہ بات بھی دیکھنی پڑے گی کہ کن کن طاقتوں کو ہمیں مٹانا پڑے گا اور ان طاقتوں کو مٹا کر ہمیں کیا طاقت حاصل ہوگی۔کسی قوم کے قدرتی موٹے موٹے اختلاف یہ ہیں۔اوّل۔مرد و عورت کا اختلاف۔یہ اختلاف ہر جگہ ہوتا ہے۔مرد کا کام اور ہے اور عورت کا کام اور ہے۔مرد کی خصوصیات اور ہیں اور عورت کی خصوصیات اور ہیں۔عورت کے ذمہ بچہ جنا لگایا گیا ہے اور مرد کے سپر دضروریات زندگی کو مہیا کرنا ہے۔عورت کے ذمہ بچہ پالنے کا کام ہے اور مرد کے ذمہ باہر کی نگرانی ہے۔غرض عورت اور مرد کے قومی اور طاقتیں مختلف ہیں اور ان میں اتحاد نہیں ہو سکتا اور اگر یہ بات ممکن بھی ہوتی کہ اس اختلاف کو مٹا دیا جاتا تو انسان اسے کبھی پسند نہ کرتا۔اس اختلاف کو مٹانا خود کشی کے مترادف ہے۔مرد اور عورت کے درمیان جو اختلاف ہے وہ بہر حال قائم رہے گا۔خدا تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ ہم نے تم پر یہ احسان کیا ہے کہ ہم نے مرد اور عورت کو پیدا کیا اور ان دونوں سے ہم نے نسل چلائی تا کہ انسان نیکی اور تقویٰ کا مظاہرہ کرے اور پھر ہم نے ان کے اندر اپنی صفات پیدا کی ہیں۔پھر قد و قامت کا فرق ہے۔بعض ملکوں میں لوگ بڑے قد کے ہوتے ہیں اور بعض مملکوں میں چھوٹے قدوقامت کے لوگ پائے جاتے ہیں۔پھر جسامت کا فرق ہے۔بعض لوگ ڈبلے ہوتے ہیں اور بعض موٹے ہوتے ہیں۔پھر رنگ و روغن میں فرق ہے۔بعض لوگ بھورے رنگ کے ہوتے ہیں ، بعض سفید رنگ کے ہوتے ہیں۔بعض زرد رنگ کے ہوتے ہیں اور بعض سُرخ رنگ کے ہوتے ہیں۔حبشیوں میں چلے جاؤ تو وہاں کالے رنگ کے لوگ ملیں گے۔ہندوستان میں رہنے والے گندمی رنگ کے ہوتے ہیں۔چین میں زرد رنگ کے لوگ ہوتے ہیں اور عرب میں شتر مرغ کے انڈے والے رنگ کے لوگ پائے جاتے ہیں اور یورپ میں سفید رنگ والے لوگ پائے جاتے ہیں۔پھر نقش و نگار میں بھی فرق ہے۔کسی کی ٹھوڑی لٹکی ہوئی ہوتی ہے، کسی کی اُبھری ہوئی ہوتی ہے، کسی کی ایک ذقن ہوتی ہے اور کسی کی دو ذقن ہوتی ہیں۔پھر کوئی بڑا مضبوط جوان ہوتا