انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 64 of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page 64

انوار العلوم جلد ۲۱ ۶۴ ہر عبدالشکور کنزے کے اعزاز میں دعوتوں کے مواقع پر تین تقاریر دل کے تمام گند دھو کر اسلام سے وابستگی حاصل کرنا یقیناً ایک نئی زندگی حاصل کرنا ہے اور مجھے مسرت ہے کہ ہرعبدالشکور کو جو اسلامی لحاظ سے میرا بھائی ، دوست اور روحانی بیٹا ہے یہ سعادت حاصل ہوئی۔( حضور نے تقریر کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا ) ہر کنزے کا عبد الشکور نام رکھنا بھی میری ایک خواب کی بنا پر ہے جس میں میں نے دیکھا تھا کہ دشمنوں سے تنگ آ کر جرمنی یا اٹلی میں گیا ہوں۔جہاں میرے تبلیغ کرنے سے متعدد لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام ہونے کی توفیق ملی ہے اور پھر میں نے وہاں اپنا ایک نائب مقرر کیا تو ہے جس کو عبدالشکور نام دیا گیا ہے۔میں نے اُسی خواب کے مطابق ہر کنزے کا نام کی ”ہر عبدالشکور کنزے“ رکھا ہے۔میری دعا ہے کہ میرا خدا انہیں وہی عبدالشکور بننے کی توفیق دے اور ان کے واسطے ان کے مُلک کو ان تمام برکات سے نوازے جو اُس موعود عبدالشکور سے وابستہ ہیں۔( حضور نے فرمایا) ہر کنزے اس سے پہلے جس مذہب سے وابستہ تھے اُس میں شریعت کو لعنت قرار دیا گیا تھا لیکن اسلام شریعت کو برکات خداوندی سے معمور گردانتا ہے۔لہذا میں ہرعبدالشکور کو نصیحت کروں گا کہ جو اب اپنے تمام اعزا و اقرباء کو چھوڑ کر خدا کے دامن سے وابستہ ہو گئے ہیں اسے اپنی زندگی کے تمام شعبوں پر حاوی کرنے کی کوشش کریں اور جس طرح وہ پہلے کبھی ہر ہٹلر کے سپاہی تھے آج میرے آقا محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسا جانثار سپاہی بنیں کہ خدا ان کے ہاتھ پر فتوحات کی بارشیں کرے اور پیدائشی مسلمانوں سے کہیں بڑھ چڑھ کر ایمان و اعتقاد پیدا کرنے کی کوشش کریں۔(الفضل ۲۰ جنوری ۱۹۴۹ء)