انوارالعلوم (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 408 of 718

انوارالعلوم (جلد 1) — Page 408

پھیلاتے تھے ) کے ایڈیٹر و منتظم سرکش تھے۔آخر خدا کی غیرت جوش میں آئی اور آپ نے \" قادیان کے آریہ اور ہم‘‘ ایک رسالہ لکھا۔اور صفحہ ۲۱ ،۲۲ میں یہ پیشگوئی ان لوگوں کے حق میں کی۔یہ لوگ ان نبیوں کی تکذیب میں جن کی سچائی سورج کی طرح چمکتی ہے۔حد سے بڑھ گئے ہیں خدا جو اپنے بندوں کے لئے غیرت مند ہے ضرور اس کا فیصلہ کرے گاو و ضرور اپنے نبیوں کے لئےکوئی ہاتھ دکھلائے گا۔اسی طرح اور بھی کئی الہام تھے۔آخر ان کو طاعون ہؤا اور تینوں تین دن کے اندر طاعون کاشکار ہو گئے ، اور ایسے تباہ ہوئے کہ کوئی ان کا قائم مقام نہ ہؤا۔یہ غیر قوموں پر اتمام حجت تھا۔مسلمان کہلانے والے مولویوں پر ہوں اتمام حجت کی کہ تمام مشہور مولویوں کے نام لکھ کر ان کو مباہلہ کے لئے بلایا اور لکھا (دیکھو انجام آتھم) میں دعا کروں گا اے خدا علیم و خبیر اگر تو جانتا ہے کہ یہ تمام الہامات جو میرے ہاتھ میں ہیں تیرے ہی الہام ہیں اورتیرے منہ کی باتیں ہیں تو ان مخالفوں کو جو اس وقت حاضر ہیں ایک سال کے عرصہ تک نہایت سخت دکھ کی مار میں مبتلا کر۔کسی کو اندھا کر دے اور کسی کو مجذوم اور کسی کو مفلوج اور کسی کو مجنون اور کسی کو مصروع اور کسی کو سانپ یا سگ دیوانہ کا شکار بنا اور کسی کے مال پر آفت نازل کر اور کسی کی جان پر اور کسی کی عزت پر اور صفحہ۶۷ پر لکھتے ہیں میں یہ بھی شرط کرتا ہوں کہ میری دعا کا اثرصرف اس صورت میں سمجھا جائے کہ جب تمام وہ لوگ جو مباہلہ کے میدان میں بالمقابل آویں ایک سال تک ان بلاؤں میں سے کسی بلا میں گرفتار ہو جائیں اگر ایک بھی باقی رہا تو میں اپنے تئیں كاذب سمجھوں گا اگرچہ وہ ہزار ہوں یا دو ہزار۔ذرا غور سے پڑھو کیا کوئی شخص اتنا بڑا دعوی ٰسوا سارق مأمور کے کر سکتا ہے۔حق ،حق ہی ہوتاہے کوئی مولوی مقابل پر نہ آیا۔اور یوں حضور کی صداقت اور اپنی بطالت پر عملی گواہی دے دی اور ان میں سے بہت آپؑ کی آنکھوں کے سامنے انہیں بیماریوں سے مرے۔ان حجج نیرّہ کے ہوتے اور اس خد مت اسلامی کی موجودگی میں جس میں کوئی شائبہ اپنی غرض دنیاوی کا نہیں پایا جا تا( چنانچہ دیکھو اگر آپ کو دنیا کا کمانا مقصود ہو تا تو اپنی کوئی جائیداد بڑھاتےاپنی اولاد کے لئے گدی کو مخصوص کر جاتے) کون آپؑ پر ایمان لانے سے بے رغبتی کر سکتا ہے۔اِلاَّمن سفه نفسه۔(البقرہ:۱۳۱) مسیح کے لئے جو نشانات آپ لوگوں نے مقرر کئے ہیں وہ زیادہ تر یہی مشہور ہیں۔