انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 595 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 595

انوار العلوم جلد ۱۹ ۵۹۵ مسلمانانِ بلوچستان سے ایک اہم خطاب مرد و عورت کے اختلاط کو منع کیا ہے۔مگر سینما سارے کے سارے مرد وعورت کے اختلاط کا ہی نتیجہ ہوتے ہیں اگر وہ اختلاط نہیں کریں گے اگر وہ مل کر نا چیں گے نہیں تو فلم بن ہی کس طرح سکے گی۔فلم اسی طرح بنتی ہے کہ مرد بھی ناچتے ہیں اور عورتیں بھی ناچتی ہیں گویا سینما کی فلم نہیں بن سکتی جب تک مرد اور عورت اکٹھے نہ ہوں لیکن اگر سینما کے خلاف ہی آواز اٹھائی جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ اسلامی آئین کا شور مچانے والے سب سے پہلے اس کی مخالفت پر اتر آئیں۔میں جب حج کیلئے گیا تو جہاز میں میرے ساتھ تین بیرسٹر بھی سفر کر رہے تھے ان میں سے ایک ہندو تھا اور دو مسلمان مگر مسلمان بیرسٹر بھی آزاد خیال واقعہ ہوئے تھے اور وہ اسلام کے متعلق مختلف اعتراضات کرتے رہتے تھے جن کا میں جواب دیتا۔ان کے ساتھ ہی ایک مسلمان لڑکا بھی تھا جس کی عمر ۱۲ سال کی ہوگی۔میں نے دیکھا کہ جب بھی وہ اسلام پر کوئی اعتراض کرتے لڑکا رو پڑتا اور کہتا کہ تم اسلام پر کیوں اعتراض کرتے ہو؟ میں نے ایک دفعہ ان سے کہا کہ تم سے تو یہ لڑکا ہی اچھا ہے تم اتنے بڑے ہو کہ اسلام پر اعتراض کرتے ہو اور اس کی یہ حالت ہے کہ اسلام پر اعتراض ہو تو رو پڑتا ہے۔وہ کہنے لگے آپ اس کی ظاہری نیکی پر نہ جائیں ہم ابھی اس کے مذہب کی حقیقت آپ پر کھول دیتے ہیں۔یہ کہنے کے بعد انہوں نے اس لڑکے کو بلا یا اور کہا اب تم انگلستان جا رہے ہو، تمہیں معلوم ہونا چاہئے کہ وہاں تمہیں جھٹکے کا گوشت ملے گا حلال گوشت نہیں ملے گا اس لئے انگلستان میں تمہیں بہر حال گوشت کھانا چھوڑنا پڑے گا۔یہ سن کر وہ بے اختیار کہنے لگا میں تو گوشت چھوڑ نہیں سکتا۔انہوں نے کہا دیکھ لیجئے آپ کہتے تھے اسے مذہب کا بڑا احساس ہے کیا مذہب کا ایسا ہی احساس ہوا کرتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ بیسیوں باتیں ایسی ہیں جن کے متعلق اگر قانون جاری کر دیا جائے اور لوگوں کے دلوں میں اسلام نہ ہو تو قانون کچھ بھی فائدہ نہیں پہنچا سکتا لیکن اگر دلوں میں اسلام ہو تو آپ ہی آپ اسلامی آئین نافذ ہوتا چلا جاتا ہے۔پس اسلام کو دلوں میں قائم کرنا ہمارا سب سے پہلا اور اہم فرض ہونا چاہئے۔یہ لازمی بات ہے کہ اگر فرد مسلمان ہوگا تو ایسے افراد کا مجموعہ بھی اسلامی ہی ہو گا لیکن اگر فرد مسلمان نہیں ہوگا تو ان کا مجموعی نظام بھی اسلامی نہیں ہوگا۔کچی اینٹوں سے جو عمارت تعمیر کی جائے وہ کبھی پکی نہیں ہو سکتی۔وہ اینٹیں الگ الگ ہونگی تب بھی کچی ہوں گی ان اینٹوں کی