انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 255 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 255

انوار العلوم جلد ۱۹ الفضل کے اداریہ جات روشن ہوئے تھے ہم نے اس نور سے رشتہ توڑ لیا اگر ہم آج پھر اس منبع قوت سے اپنے فانوسوں کے تار جوڑ لیں تو یقیناً ہما را گم ہوا ہوا نور پھر ہم کو ایک آن میں واپس مل سکتا ہے کیونکہ وہ منبع قوت ہمیشہ کیلئے ہمارے لئے وقف کر دیا گیا ہے۔پاکستان کے مسلمانوں نے پاکستان اسلام کے نام پر، اسلامی تہذیب و تمدن کے قیام کے نام پر لیا ہے اس لئے جیسا کہ پہلے کہا گیا ہے آج پاکستان کا مسلمان خدا تعالیٰ کی امتحان گاہ میں ہے۔خدا تعالیٰ کا نور قرآن پاک اور اُسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کی راہنمائی کے لئے موجود ہے۔اگر اس نے اس کی رہنمائی کو قبول کر لیا تو یقیناً پاکستان ہی نہیں تمام دنیا اس کے قدموں کے نیچے آ جائے گی۔ورنہ وہ بھی جو اس کے پاس ہے اس سے چھین لیا جائے گا اور اللہ تعالیٰ اپنے کام کو کسی دوسری قوم کے سپرد کرے گا کیونکہ خدا تعالیٰ کے کام کے مقابل کسی فرد یا کسی بڑی سے بڑی قوم کی پر کاہ کے برابر بھی وقعت نہیں۔( الفضل ۹ نومبر ۱۹۴۷ء )